یمن میں وسیع نقل مکانی سے خطے کا انسانی بحران شدید، یو این ایچ سی آر
پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر) نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں لڑائی شدت اختیار کرنے کے نتیجے میں مزید لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو رہے ہیں جس سے خطے میں پہلے سے سنگین انسانی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
ادارے کے ترجمان بابر بلوچ نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ یمن میں لڑائی پھیل رہی ہے اور ستمبر کے آغاز سے اب تک ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ لوگ گھربار چھوڑ کر محفوظ علاقوں کی جانب نقل مکانی کر چکے ہیں۔
یہ صورتحال ملک کے بڑے حصے پر قابض حوثی ملیشیا (انصاراللہ) کی جانب سے گزشتہ دنوں یمن کے مغربی ساحل کے ساتھ تیزرفتار پیش قدمی اور آبنائے باب المندب تک رسائی کے بعد شروع ہوئی۔ اس دوران حوثی جنگجوؤں اور سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔ جنوب مغربی شہر تعز اس بحران کا مرکز ہے جہاں مجموعی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی 60 فیصد سے زیادہ تعداد موجود ہے۔
نصف آبادی امداد کی منتظر
ترجمان نے بتایا کہ بہت سے خاندان لڑائی، سڑکیں بند ہونے یا ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے سے قاصر ہیں۔ الجوف، مآرب اور الحدیدہ سے بھی نقل مکانی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ادارے کے مطابق، بے گھر ہونے والے لوگوں میں خواتین اور بچوں کی اکثریت ہے جبکہ ان میں بہت سے لوگ پہلے بھی کئی مرتبہ نقل مکانی کر چکے ہیں۔
حالیہ کشیدگی سے پہلے بھی یمن میں 52 لاکھ سے زیادہ افراد اندرون ملک بے گھر تھے جبکہ ایک دہائی سے زیادہ عرصہ سے جاری مسلح تنازع نے یمن کو معاشی تباہی سے دوچار کر رکھا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کم از کم 2 کروڑ 20 لاکھ افراد یا ملک کی نصف سے زیادہ آبادی کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ یمن تقریباً 65 ہزار پناہ گزینوں اور پناہ کے متلاشی افراد کی میزبانی بھی کر رہا ہے جن میں بیشتر کا تعلق صومالیہ اور ایتھوپیا سے ہے۔
جبوتی کی جانب نقل مکانی
خلیج عدن کے دوسری جانب جاری جھڑپوں سے بچ کر آنے والے شہری سمندر پار جبوتی بھی پہنچ رہے ہیں۔ اب تک تین ہزار سے زیادہ لوگوں کے آنے کی مصدقہ اطلاع ہے جبکہ مزید سیکڑوں لوگ ہمسایہ علاقے صومالی لینڈ اور پنٹ لینڈ میں بھی آ رہے ہیں۔
جبوتی میں یمنی پناہ گزینوں تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرنے کا امکان ہے کیونکہ اکتوبر کے وسط تک سمندری حالات بہتر ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں مزید لوگ یہ سفر اختیار کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ جبوتی میں امدادی کارروائیوں کے لیے مطلوبہ وسائل کا صرف 15 فیصد مہیا ہو سکا ہے جبکہ یمن میں رواں سال ادارے کو درکار 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر میں سے صرف 3 کروڑ 40 لاکھ ہی موصول ہوئے ہیں۔