بے بسی چھوڑیں امن پر سرمایہ کاری کریں، یو این چیف
دنیا بھر میں بڑھتی جنگوں، تشدد اور تقسیم کے باعث لاکھوں لوگوں کی شدید مشکلات کے تناظر میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے عالمی رہنماؤں اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ امن کے لیے مزید کام کریں۔
عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ امن خود بخود نہیں آتا بلکہ یہ ایک بہتر مستقبل کے لیے سرمایہ کاری کرنے کا مشترکہ اور پرعزم فیصلہ ہوتا ہے۔
'امن میں سرمایہ کاری' امسال عالمی یوم امن کا خاص موضوع ہے جو اقوام متحدہ کے ان بنیادی اصولوں کی عکاسی کرتا ہے جن کی بنیاد دوسری عالمی جنگ کی تباہ کاریوں کے بعد رکھی گئی تھی۔
انتونیو گوتیرش نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر نیویارک میں جمع ہونے والے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ تنازعات کی روک تھام اور حل کے لیے سفارت کاری، مکالمے، ثالثی اور قیام امن کی کارروائیوں کو موثر ذرائع کے طور پر مزید مضبوط بنایا جائے۔
سرحد پار پھیلتے تنازعات
سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ دنیا میں بہت سے معاشرے تشدد اور تقسیم کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ مسلح تنازعات ملکی سرحدوں سے نکل کر دوسرے ممالک تک پھیلتے جا رہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں مسائل کا حل تلاش کرنا مشکل ہو گیا ہے کیونکہ بین الاقوامی یکجہتی بھی کمزور پڑ رہی ہے۔
پائیدار امن کے لیے ایسے معاشروں کی تعمیر ضروری ہے جہاں سب کو ساتھ رکھا جائے، پائیدار ترقی کو فروغ دیا جائے اور انسانی حقوق کا احترام یقینی بنایا جائے۔ امن اسی وقت ممکن ہے جب بہتر مستقبل کے لیے سرمایہ کاری کرنے کے پرعزم اور شعوری فیصلے کیے جائیں۔
امن کے لیے اقوام متحدہ کا کردار
اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک نے اسے یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ تنازعات کی روک تھام، ان کے حل اور جنگوں کے بعد بحالی میں مدد فراہم کرے۔ سفارت کاری اور امن مشن سے لے کر مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر امن کو فروغ دینے تک، یہ کوششیں اقوام متحدہ کے قیام کے ساتھ ہی شروع ہوگئی تھیں۔
1948 سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل دنیا بھر میں 70 سے زیادہ امن مشن تعینات کر چکی ہے۔ اس وقت ایسے 11 مشن کام کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کی مہم 'ہمیں سنیں: پرامن دنیا کے لیے کام کا فوری آغاز' کے تحت نوجوانوں کی آواز اور ان کی خدمات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سوموار کو 'حلقہ امن' کے نام سے تقریب منعقد کی گئی جس میں ایک آزادانہ جائزہ رپورٹ کے لیے نوجوانوں کی آرا اور کردار کو شامل کیا جا رہا ہے جس کا مقصد یہ جاننا ہے کہ نوجوان امن کے قیام میں کس طرح اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
26 ستمبر کو منائے جانے والے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے اقوام متحدہ کا اقدام 'ایکٹ ناؤ'لوگوں کو معلومات اور عملی اقدامات کے مواقع سے جوڑنے میں مدد دے رہا ہے۔
کیا اقوام متحدہ جنگ کو روک سکتا ہے؟ اس حوالے سے ادارے نے ایک وضاحتی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔
سفارت کاری کی عالمی گیلری
نیویارک میں اقوام متحدہ کا صدر دفتر سفارت کاری کی ایک عالمی گیلری کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں امن کی علامت کے طور پر کئی یادگار فن پارے موجود ہیں۔
ان میں ایک عظیم الجثہ امن گھنٹی بھی شامل ہے جسے 60 ممالک سے عطیہ کیے گئے سکوں سے تیار کیا گیا تھا۔ اسی طرح، کانسی سے بنا بندوق کی گرہ دار شکل کا مجسمہ 'نان وائلنس' بھی موجود ہے جو معروف موسیقار اور دی بیٹلز کے رکن جان لینن خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔
یہ فن پارے اس تصور کی علامت ہیں کہ امن محض خواہش نہیں بلکہ ایسا مقصد ہے جس کے لیے مسلسل کوشش، مکالمہ اور مشترکہ عزم کی موجودگی ضروری ہے۔