انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یمن: گھمسان کی لڑائی میں بے گھروں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ

آئی او ایم کی امدادی کارکن اونچی نمائش والی بنیان میں یمن کے ایک نقل مکانی کے کیمپ میں ہلکے لباس میں ملبوس ایک شخص کو پانی کی جیری کین دے رہی ہے، جب کہ ایک سیاہ پوش خاتون اپنے سر پر پانی کے ڈھیر لگائے ہوئے برتن اٹھائے ہوئے ہے۔ ریتلی زمین پر متعدد جیری کین اور بیک بیگ ترتیب دیئے گئے ہیں جن کے پس منظر میں خیمے اور ایک ٹرک ہے۔
© IOM یو این ادارہ آئی او ایم یمن کے شہر معارب میں بے گھر خاندانوں میں گھریلو اور پانی ذخیرہ کرنے کی اشیاء تقسیم کر رہا ہے۔

یمن: گھمسان کی لڑائی میں بے گھروں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ

مہاجرین اور پناہ گزین

عالمی ادارہ مہاجرت (آئی او ایم) نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں بڑھتے ہوئے تشدد کے باعث بے گھر ہونے والے لوگوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ادارے نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ان کی میزبان آبادیوں کو بھی مدد فراہم کرے جو اپنے محدود وسائل میں سے بے خانماں افراد کو سہارا دے رہی ہیں۔

'آئی او ایم' کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ،گزشتہ چند ہفتوں کے دوران یمن کے سات صوبوں میں کم از کم ایک لاکھ 29 ہزار 438 افراد یا 21 ہزار 573 خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔

مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے ادارے کے علاقائی ڈائریکٹر عثمان بلبیسی نے بتایا ہے کہ ان میں سے بہت سے لوگ محفوظ مقام کی تلاش میں ایک سے زیادہ مرتبہ نقل مکانی کر چکے ہیں اور یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ 18 ستمبر کو ایک لاکھ 18 ہزار 86 افراد بے گھر تھے لیکن صرف تین روز کے بعد اس تعداد میں 11 ہزار 352 کا اضافہ ہوا۔

میزبان آبادیوں پر دباؤ

ادارے کے مطابق، اس وقت صوبہ تعز میں بے گھر افراد کی سب سے بڑی تعداد پناہ گزین ہے جہاں 73 ہزار 494 افراد مقیم ہیں۔ اس کے بعد لحج، عدن، الحدیدہ، ابین، حضرموت اور مآرب کے صوبے آتے ہیں۔

بلبیسی نے کہا ہے کہ یہ ایسے خاندان ہیں جنہوں نے اپنے گھر اور روزگار کھو دیے ہیں اور اب جن شہروں اور علاقوں کا رخ کر رہے ہیں وہ پہلے ہی مشکل حالات سے دوچار ہیں۔ میزبان آبادیاں اپنے محدود وسائل میں سے ان کی مدد کر رہی ہیں، لیکن وہ یہ سب کچھ اکیلے نہیں کر سکتیں۔ 

'آئی او ایم' نے بتایا ہے کہ اتوار کی شام تک یمن سے مزید 3,106 افراد بحیرہ احمر عبور کرکے جبوتی پہنچ چکے تھے۔ ادارے نے ان میں بہت سے لوگوں کو ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لیے مزید عالمی تعاون کی اپیل کو دہرایا ہے۔