یمن میں لڑائی اور بحری گزرگاہوں پر اثرات سلامتی کونسل میں زیر بحث
اقوام متحدہ نے واضح کیا ہے کہ آبنائے باب المندب کی موجودہ صورتحال اس فوری ضرورت کو اجاگر کرتی ہے کہ یمن میں جاری تنازع کو مزید پھیلنے اور اسے بحیرہ احمر کی سلامتی کے لیے خطرہ بننے سے روکا جائے۔
مشرق وسطیٰ، ایشیا اور الکاہل کے لیے اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل خالد خیاری نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں یمن کی لڑائی اور بحری گزرگاہ پر اس کے اثرات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران باب المندب اور اس کے گرد صورتحال مسلسل کشیدہ ہوتی جا رہی ہے۔ یمن کے مغربی ساحل پر لڑائی میں شدت آنے کے ساتھ شہریوں، انسانی امدادی کارروائیوں اور اہم بحری گزرگاہوں پر تنازع کے اثرات سے متعلق تشویش بھی بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمنی تنازع کے فریقین مذاکرات کو ترجیح دیں اور مسئلے کے کسی متفقہ سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے اقوام متحدہ کی قیادت میں جاری کوششوں میں تعمیری تعاون کریں۔
خالد خیاری نے بتایا کہ حوثی جنگجو باب المندب کی جانب پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور اطلاعات کے مطابق انہوں نے بحیرہ احمر کے جنوبی حصے میں متعدد جزیروں کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے۔ بحری نقل و حمل کی نگرانی کرنے والے اداروں کے مطابق، فی الوقت بحیرہ احمر میں جہازرانی متاثر نہیں ہوئی۔ تاہم حالیہ واقعات نے عالمی منڈیوں میں تشویش بڑھا دی ہے جبکہ آبنائے ہرمز پہلے ہی عدم استحکام کا شکار ہے۔
شہری ہلاکتیں اور نقل مکانی
اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل نے کونسل کو بتایا کہ کشیدگی بڑھنے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور انسانی نقصان کی اطلاعات ہیں جبکہ پہلے ہی شدید دباؤ کا شکار امدادی کارروائیوں پر مزید بوجھ آیا ہے۔ ہنگامی امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) کے مطابق، رواں ماہ کے آغاز سے اب تک یمن بھر میں کم از کم ایک لاکھ 25 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
اسی عرصہ کے دوران اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے 40 شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاع دی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
خالد خیاری نے متحارب فریقین سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کیا جائے اور انسانی امداد کی محفوظ اور بلا رکاوٹ رسائی ممکن بنائی جائے تاکہ ضرورت مند آبادیوں تک فوری مدد پہنچ سکے۔
سعودی عرب پر حملے
خالد خیاری نے کہا کہ کشیدگی صرف یمن تک محدود نہیں رہی۔ 14 ستمبر کو سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہروں ابہا، خمیس مشیط اور طائف کو میزائلوں اور ڈرون سے نشانہ بنانے کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوئے جبکہ 7 مکانات کو نقصان پہنچا۔
اس سے دو روز قبل، 12 ستمبر کو سعودی عرب میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، یہ حملے عراق کی سرزمین سے کیے گئے تھے۔ حملے کے بعد پائپ لائن بند کرنا پڑی جو آبنائے ہرمز میں آنے والی رکاوٹوں کے بعد سعودی عرب کے لیے تیل کی ترسیل کا ایک اہم متبادل راستہ تھا۔
عالمی قوانین کے احترام کا مطالبہ
خالد خیاری نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب میں شہری تنصیبات اور توانائی کے شعبے کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بحیرہ احمر اور باب المندب میں بحری آمدورفت کے حقوق اور آزادی کو برقرار رکھنا اور ان کا احترام یقینی بنانا ضروری ہے۔ یہ عمل بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں، بشمول قرارداد 2722 کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز میں عدم استحکام کے اثرات خطے سے کہیں آگے تک پہنچ سکتے ہیں اور ان سے عالمی امن و سلامتی، توانائی کی عالمی منڈیا، غذائی تحفظ اور کمزور معیشتوں کو نقصان پہنچے گا۔ یہ آبنائے جتنا عرصہ بند رہے گی عالمی سطح پر اس کے نقصانات بھی اسی قدر زیادہ ہوں گے۔