انسانی کہانیاں عالمی تناظر

کانگو: ایبولا کے خلاف کچھ کامیابی لیکن نئے علاقوں میں پھیلاؤ پر تشویش

طبی کارکن سبز جھاڑیوں اور چہرے کی ڈھال میں ملبوس ایک ساتھی کی پشت پر جراثیم کش اسپرے کر رہا ہے جس نے سفید فل باڈی PPE سوٹ پہنے 'DECONTAMINE' کا نشان لگا ہوا ایبولا کے علاج کے مرکز، DR کانگو کے روامپارا میں واقع ہے۔
© UNOCHA/Priscilla Lecomte کانگو کے مشرقی علاقوں میں ایبولا کا پھیلاؤ روکنے میں مصروف عمل طبی کارکنوں پر جراثیم کش ادویات کا سپرے کیا جا رہا ہے۔

کانگو: ایبولا کے خلاف کچھ کامیابی لیکن نئے علاقوں میں پھیلاؤ پر تشویش

صحت

جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کی وبا پر قابو پانے میں قدرے کامیابی حاصل ہوئی ہے لیکن وسائل کی قلت کے باعث یہ مرض نئے علاقوں میں پھیلتا جا رہا ہے۔

ایبولا کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی رابطہ کار جولین ہارنس نے کہا ہے کہ یہ اب بھی ایک مہلک اور بڑے پیمانے کی وبا ہے جس سے نمٹنے میں کچھ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں لیکن وسائل نہ رہے تو بیماری دوبارہ زور پکڑ لے گی۔

Tweet URL

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق، 12 ستمبر تک 62 علاقوں میں ایبولا کے 7,200 مصدقہ مریض سامنے آئے تھے جن میں تقریباً 3,500 کی موت واقع ہو چکی ہیں۔ وائرس اب سات صوبوں میں پھیل چکا ہے جس نے انتہائی وسیع جغرافیائی علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

وبا سے نمٹنے میں مشکلات

مئی کے وسط میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کیے جانے کے بعد اقوام متحدہ کے ادارے اور ان کے شراکت دار ملکی حکام کے تعاون سے بنڈی بگیو ایبولا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔ لیکن ان علاقوں میں کام کرنا انتہائی مشکل ہے جہاں لوگ کئی دہائیوں سے پرتشدد بدامنی، عدم تحفظ اور ترقی کے عمل میں رکاوٹوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

جولین ہارنس نے اس صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے بہت سے علاقوں میں سڑکوں پر اس قدر بڑے گڑھے ہیں کہ انہیں محض گڑھے کہنا بھی کافی نہیں۔ امدادی ٹرک کیچڑ میں دھنس کر غائب ہو جاتے ہیں۔ بہت سے علاقوں تک چھوٹے طیارے کے ذریعے پہنچنا بھی مشکل ہے جبکہ امدادی ٹیموں کو تشدد کا خطرہ بھی لاحق رہتا ہے۔

ایبولا نے کانگو کے لوگوں کی مشکلات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ وبا سے نمٹنے کے لیے 1.3 ارب ڈالر کی انسانی امداد درکار ہے لیکن اس مقصد کے لیے اب تک صرف 49 فیصد وسائل ہی فراہم ہو سکے ہیں۔ 

ان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ اور امدادی اداروں کے تعاون سے ہسپتالوں میں بستروں کی گنجائش بڑھائی گئی ہے لیکن مزید طبی سہولتیں فراہم نہ ہوئیں تو بالآخر یہ پیش رفت ایک حد پر آ کر رک جائے گی۔ انہوں نے زور دیا ہے کہ عالمی برادری کو فوری طور پر کانگو میں ہنگامی طبی ٹیمیں روانہ کرنی چاہئیں۔

عالمی برادری کا تعاون ضروری

جولین ہارنس نے خبردار کیا ہے کہ اگر علاج کے لیے تکنیکی و مالی وسائل مہیا نہ ہوئے تو یہ بیماری پہلے سے کہیں بڑا خطرہ بن جائے گی۔ پہلے چھ ماہ کے بعد بھی اس وبا سے نمٹنے کی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے مزید ایک ارب ڈالر درکار ہوں گے۔ بعض رکن ممالک اپنی طبی ٹیمیں بھیجنے کے لیے تیار ہیں لیکن کانگو کے لیے کہیں زیادہ بڑے پیمانے پر تعاون اور بھرپور عزم کی ضرورت ہے۔

'ڈبلیو ایچ او' کا کہنا ہے کہ ایبولا کی وبا ایسے علاقوں میں بدستور پھیل رہی ہے جہاں انسانی امداد کی ضرورت پہلے ہی بہت زیادہ ہے اور اس وبا کو مکمل طور پر قابو میں لانے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ بعض علاقوں میں نئے مریضوں کی تعداد کم ہونا شروع ہو گئی ہے لیکن دوسرے علاقوں میں یہ انتہائی تیزرفتار سے بڑھ رہی ہے۔