انسانی کہانیاں عالمی تناظر

اے آئی: ٹیکنالوجی کمپنیوں کا خود ضابطگی دعویٰ ناکافی، وولکر ترک

سوٹ کی آستین میں ایک ہاتھ گہرے نیلے رنگ کے تکنیکی پس منظر پر منسلک نوڈس، سرکٹری، اور بائنری ہندسوں پر مشتمل ایک چمکتی ہوئی AI علامت کی طرف جاتا ہے۔
© Adobe Stock/Ipopba کسی کمپنی کو یہ حق نہیں ہونا چاہیے کہ وہ تنہا فیصلہ کرے کہ دنیا کو کون سے خطرات قبول کرنا چاہئیں۔

اے آئی: ٹیکنالوجی کمپنیوں کا خود ضابطگی دعویٰ ناکافی، وولکر ترک

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے رضاکارانہ طور پر خود کو منظم کرنے کی کوششیں اس ٹیکنالوجی سے لاحق نقصانات سے نمٹنے کے لیے کافی نہیں۔ اس مقصد کے لیے رکن ممالک کو کثیرالفریقی اداروں کے ذریعے مل کر کام کرنا ہو گا۔

ہائی کمشنر نے اس مسئلے پر جاری کردہ اپنے کھلے خط میں کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ طاقتور مصنوعی ذہانت تیار کرنے کی حالیہ دوڑ زندگی کے ہر شعبے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ بڑے اور وجودی خطرات کی جانب ایک بڑی تبدیلی ہے۔

Tweet URL

جن ممالک میں جدید ترین مصنوعی ذہانت تیار کرنے والی کمپنیاں کام کر رہی ہیں انہیں اس حوالے سے ضوابط کو مزید سخت کرنے، کمپنیوں کے لیے سنگین واقعات سے متعلق اطلاعات کی فراہمی لازم قرار دینے، اس ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کی باقاعدہ جانچ و تصدیق اور انسانی حقوق سے متعلق مناسب جانچ پڑتال کو لازمی بنانے جیسے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ کوئی ملک اس ٹیکنالوجی کو اکیلا نہیں سنبھال سکتا۔ کسی کمپنی کو یہ حق نہیں ہونا چاہیے کہ وہ تنہا فیصلہ کرے کہ دنیا کو کون سے خطرات قبول کرنا چاہئیں۔ کسی انسان کو تکنیکی ترقی کے دعووں کے بدلے اپنے انسانی حقوق سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔

ہائی کمشنر نے یہ خط مصنوعی ذہانت تیار کرنے والی معروف کمپنی اینتھروپک کے ایک سابق  محقق کے استعفے کے بعد لکھا ہے جنہوں نے عہدہ چھوڑتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی تیار کرنے والے لوگ پوری سنجیدگی سے یہ سمجھتے ہیں کہ مصنوعی ذہانت حالیہ دہائی ختم ہونے سے پہلے تمام انسانوں کو ہلاک کر سکتی ہے۔

حکومتوں کی ذمہ داری 

اینتھروپک کے چیف ایگزیکٹو ڈیریو اموڈی نے گزشتہ دنوں اپنے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ کمپنیوں کو مصنوعی ذہانت کی ترقی کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے لیکن خودمختار نظام کو بے قابو ہونے سے روکنے کی خاط موثر حفاظتی اقدامات کے لیے وقت بھی درکار ہے۔

اوپن اے آئی، گوگل اور ایکس اے آئی کے سربراہوں نے بھی اموڈی کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ اس تجویز میں اے آئی ماڈلز کی تیسرے فریق سے جانچ، اے آئی کمپنیوں کے درمیان مزید تعاون اور حکومتوں کے باہمی اشتراک پر زور دیا گیا ہے۔

وولکر ترک نے اموڈی کی تجویز اور مجموعی طور پر مصنوعی ذہانت کی صنعت کی جانب سے رضاکارانہ خود نگرانی کا خیرمقدم کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومتوں کو بھی اس ٹیکنالوجی کے لیے ضابطے وضع کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

منفی مسابقت سے گریز کی ضرورت

ہائی کمشنر نے لکھا ہے کہ جن ممالک میں مصنوعی ذہانت کی بڑی کمپنیاں کام کر رہی ہیں ان پر خاص ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انہیں ذمہ دارانہ طور سے کام کرنے کا پابند بنائیں اور اگر وہ ایسا نہ کریں تو انہیں جواب دہ ٹھہرایا جائے۔

انہوں نے چین اور امریکہ کی کمپنیوں کو جدید ترین مصنوعی ذہانت کے میدان میں سب سے آگے  قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اس ٹیکنالوجی پر مبنی ہتھیاروں کی دوڑ کو روکنے کے لیے بین الاقوامی معیارات اور پالیسیوں میں ہم آہنگی ضروری ہے۔ دونوں کو اپنے طریقہ کار میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہو گی تاکہ مختلف دائرہ اختیار کے درمیان مسابقت ایسے رجحان کو جنم نہ دے جس میں ضابطے کمزور ہوتے جائیں اور ذمہ داری سے بچنے کی دوڑ شروع ہو جائے۔

مصنوعی ذہانت سے وابستہ خطرات اور اس ٹیکنالوجی کے انتظام کا بنیادی معیار یہ ہونا چاہیے کہ اس کے انسانی حقوق پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

منافع سے پہلے انسان

وولکر ترک نے جدید ٹیکنالوجی کی صنعت کے اس موقف کو مسترد کیا ہے کہ حفاظتی اقدامات جدت کی رفتار کو سست کر دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ترقی کے نام پر کسی شخص کو اپنے انسانی حقوق سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ موجودہ صورتحال میں زندگی، خوراک، رازداری، صحت اور سلامتی کے حقوق کو بے قابو مصنوعی ذہانت کی ترقی سے خطرہ ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اس بات پر منحصر ہے کہ کمپنیاں اور حکومتیں اس اہم موڑ پر کون سا قدم اٹھاتی ہیں۔ نئی نسل ان فیصلوں کے نتائج کی وارث بنے گی جو اس معاملے پر لیے جا رہے ہیں حالانکہ ان فیصلوں میں اس کی اپنی آواز شامل نہیں ہے۔