جوہری توانائی مستقبل لیکن نگرانی اور تحفظ ضروری، گروسی
جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافائل میریانو گروسی نے کہا ہے کہ دنیا کو درپیش مشکلات اور کشیدگی کے باوجود مشترکہ عزم و لگن کا جذبہ ادارے کے کام کی رہنمائی کر رہا ہے۔ رکن ممالک جوہری تحفظ اور اس توانائی کے پرامن استعمال کو فروغ دینے کی کوششیں جاری رکھیں۔
انہوں نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ادارے کی 70ویں جنرل کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزم و لگن کا یہ جذبہ ان ماہرین سرطان کی کوششوں میں واضح نظر آتا ہے جو افریقہ میں معالجین کو معاونت اور تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ یہ جوہری تحفظ کے ان ماہرین کے کام میں بھی دکھائی دیتا ہے جو یوکرین میں ایٹمی حادثے کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہی جذبہ جوہری معائنہ کاروں کی مسلسل اور خاموش محنت میں بھی نمایاں ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے شام میں جوہری تحفظ کے لیے ادارے کی کوششوں کا حوالہ دیا اور یوکرین کے ژیپوریژیا جوہری پلانٹ کو بجلی کی فراہمی دسویں مرتبہ منقطع ہونے کے بعد مرمت کے لیے روس اور یوکرین کے مابین ساتویں جنگ بندی کرانے میں کامیابی کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جوہری حادثے کی روک تھام کی جانب نہایت اہم قدم تھا۔
ایرانی جوہری مسئلہ
رافائل گروسی نے تسلیم کیا کہ متعدد مسائل اب بھی موجود ہیں اور ایران کے حوالے سے درپیش مشکلات اور حالیہ تنازع کو دیکھتے ہوئے رکن ممالک کو باہم مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ایران کو درپیش مشکلات اور اس کے سلامتی سے متعلق خدشات کو سمجھنے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوہری حفاظتی اقدامات پر کام جاری رکھنا اور ایسی یقین دہانیاں فراہم کرنا ضروری ہے جن سے یہ ثابت ہو کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
ایٹمی توانائی کا پرامن استعمال
ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ دنیا پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے استعمال کی جانب امید کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ ان میں متعدد ترقی پذیر ممالک بھی شامل ہیں جو کہ جوہری توانائی کو اپنی معاشی ترقی کا ایک اہم جزو سمجھتے ہیں۔ 'آئی اے ای اے' اس ضمن میں ضروری تربیت، استعداد کار میں اضافے اور جوہری ٹیکنالوجی کی منتقلی میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے اور توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے بہت سے ممالک تیزی سے جوہری توانائی سے رجوع کر رہے ہیں۔
انہوں نے مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا مراکز کو بجلی فراہم کرنے کے لیے جوہری توانائی سے کام لیے جانے اور بحری جہاز رانی کے شعبے میں اس کے استعمال پر بھی روشنی ڈالی جو 80 فیصد عالمی تجارت میں سہولت فراہم کرتا ہے۔
گروسی نے سرطان کے علاج، جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں کے خلاف جدوجہد اور ماحول کے تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں بھی ادارے کے تعاون کو اجاگر کیا۔
'آئی اے ای اے' کا ناگزیر کردار
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ 'آئی اے ای اے' کی جنرل کانفرنس ایسے وقت منعقد ہو رہی ہے جب دنیا بدامنی اور غیر یقینی کیفیت سے دوچار ہے۔
ویانا میں اقوام متحدہ کے دفتر کی ڈائریکٹر جنرل غادہ والی نے سیکرٹری جنرل کا بیان پڑھتے ہوئے جوہری تنصیبات پر بڑھتے حملوں اور حفاظتی نظام کمزور پڑنے کے دوران جوہری پھیلاؤ کے خطرات کی جانب توجہ دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا جوہری توانائی کی پیداوار میں انقلاب کے دہانے پر کھڑی ہے اور اس انقلاب کے لیے محتاط انتظام اور مسلسل نگرانی ضروری ہے۔
سیکرٹری جنرل نے ایران کے جوہری پروگرام کی مکمل طور پر پرامن نوعیت کی تصدیق کے لیے 'آئی اے ای اے' کے ساتھ مکمل تعاون پر زور دیا اور ژیپوریژیا جوہری بجلی گھر میں کسی بڑے حادثے کی روک تھام کے لیے ادارے کے ساتھ تعاون کے لیے اپیل بھی کی۔
سیکرٹری جنرل نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ ترقی پذیر ممالک کی معاونت کے لیے ادارے کے تکنیکی تعاون فنڈ کو قابل بھروسہ مالی وسائل فراہم کریں اور امید ظاہر کی کہ جوہری ٹیکنالوجی میں ترقی کے فروغ کے لیے 'آئی اے ای اے' اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہو گا۔