انسانی کہانیاں عالمی تناظر

خطرناک مرحلے میں داخل ہوتا یمن تنازعہ سرحد پار پھیلنے کا خدشہ، گرنڈبرک

یمن کے لیے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی ہانس گرنڈ برگ نے سلامتی کونسل کے اجلاس کو مشرق وسطیٰ (یمن) کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
UN Photo/Eskinder Debebe یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ہینز گرنڈبرگ سلامتی کونسل سے خطاب کر رہے ہیں (فائل فوٹو)۔

خطرناک مرحلے میں داخل ہوتا یمن تنازعہ سرحد پار پھیلنے کا خدشہ، گرنڈبرک

امن اور سلامتی

یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہینز گرنڈبرگ نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں جاری مسلح تنازع ایک نئے اور زیادہ خطرناک مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جہاں بڑے پیمانے پر جنگ چھڑنے کا حقیقی خدشہ موجود ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ لڑائی میں حوثیوں (انصار اللہ) نے المخا بندرگاہ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جس کے نتیجے میں اب وہ دنیا کی اہم ترین آبناؤں میں سے ایک (باب المندب) کے داخلی راستے پر موجود ہیں۔ علاقے میں لڑائی بدستور جاری ہے اور صورتحال انتہائی غیر یقینی ہے۔ ان حالات نے عالمی برادری میں آزادانہ بحری آمدورفت کو لاحق خطرات کے حوالے سے شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔

Tweet URL

یہ اجلاس بحرین اور برطانیہ کی درخواست پر طلب کیا گیا تھا اور ابتدا میں اس کا مقصد حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے جانے والے حملوں کی اطلاعات پر غور کرنا تھا۔

المخا باب المندب آبنائے سے تقریباً 75 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ آبنائے ایک انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے جو بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے ملاتی ہے اور اس سے عالمی تجارت اور توانائی کی رسد کا ایک بڑا حصہ گزرتا ہے۔

ہزاروں لوگوں کی نقل مکانی

خصوصی نمائندے نے کہا کہ المخا کی موجودہ صورتحال کئی ہفتوں سے جاری کشیدگی میں اضافے کا نتیجہ ہے۔ ستمبر کے آغاز میں حوثیوں نے تعز اور الحدیدہ میں بڑے پیمانے پر حملے کیے جن کے نتیجے میں حکومتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں مسلسل شدت آتی گئی۔ اس کے بعد لڑائی مآرب، الجوف اور البیضا تک پھیل گئی۔

اطلاعات کے مطابق تعز، الحدیدہ، البیضا، الجوف اور دیگر علاقوں میں شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ مآرب میں بے گھر افراد کی پناہ گاہوں پر گولہ باری کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد افراد ہلاک ہوئے۔

3 ستمبر سے اب تک یمن بھر میں 11,400 سے زیادہ خاندان دوبارہ بے گھر ہو چکے ہیں۔ ان میں بیشتر تعز اور جنوبی الحدیدہ سے تعلق رکھتے ہیں جہاں جاری لڑائی لوگوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور کر رہی ہے۔

حوثیوں نے سعودی عرب میں شہری بنیادی ڈھانچے اور توانائی کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں شہری زخمی ہوئے۔ انہوں نے حوثیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ یمن کے اندر اور سرحد پار سعودی عرب کے خلاف حملے فوری طور پر بند کریں جبکہ تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے اور انہیں دی جانے والی دھمکیوں کا سلسلہ بھی ختم کیا جائے۔

سفارتی عمل جاری رکھنے کا عزم

انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی ناگزیر نہیں تھی۔ یمنیوں کے مسائل مذاکرات کی میز پر حل کیے جا سکتے ہیں۔ کشیدگی میں اضافے سے قبل وہ ایسی تجاویز پیش کر چکے تھے جو اس بحران کا قابل عمل متبادل راستہ فراہم کرتی تھیں۔

گرنڈبرگ نے کہا کہ وہ یمنی حکومت اور حوثیوں کے ساتھ رابطے جاری رکھیں گے تاکہ آگے بڑھنے کے عملی راستے تلاش کیے جا سکیں اور کشیدگی ختم کرنے کے امکانات کھلے رہیں۔

اپنے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی ذمہ داری مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ مذاکرات میں کیا طے ہوتا ہے اور آخرکار کس معاہدے پر اتفاق کیا جاتا ہے، اس کا فیصلہ یمنی عوام کو کرنا ہے۔

سلامتی کونسل سے مطالبہ

گرنڈبرگ نے کہا کہ اب عالمی برادری کے سامنے اصل سوال یہ نہیں رہا کہ یمن میں جنگ دوبارہ شروع ہوگی یا نہیں، بلکہ سوال یہ ہے کہ تنازع کے اس نئے اور زیادہ خطرناک مرحلے سے کیسے نمٹا جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس مرحلے کو بے قابو چھوڑ دیا گیا تو اس کے نتائج یمن کی سرحدوں تک محدود نہیں رہیں گے۔

انہوں نے کونسل کے ارکان سے اتحاد اور مسلسل سفارتی رابطے برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا اور زور دیا کہ امن کو سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے ہٹنے نہیں دیا جا سکتا۔

تین اہم ترجیحات

خصوصی نمائندے نے یمن کے موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیے تین اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ: 

  • متحارب فریقین کے درمیان رابطے کے ذرائع فعال جنگ کے دوران بھی کھلے رکھے جائیں جبکہ ان کا دفتر ان رابطوں کو برقرار رکھنے اور ان کے لیے سہولت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
  • تمام فریق ہر حال میں بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کریں جس کا تقاضا ہے کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے اور عسکری کارروائیوں کے اثرات سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
  • سیاسی تصفیے کی طرف جانے والا راستہ کھلا رکھا جائے۔ حالیہ عسکری کشیدگی کے باوجود مسئلے کے سیاسی حل کی کوششوں کو ترک نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ یمن کے بحران کا پائیدار حل بالآخر سیاسی بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔