یمن: یو این امدادی ادارے کی گاڑیاں ضبط ہونے پر تشویش
ہنگامی امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ (اوچا) نے بتایا ہے کہ یمن کے شہر المخا میں واقع ادارے کے امدادی مرکز سےآٹھ گاڑیاں قبضے میں لے لی گئی ہیں۔ یہ واقعہ شہر میں حالیہ کشیدگی کے پس منظر میں پیش آیا ہے۔
اوچا نے یمن کی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی عوام لڑائی اور نقل مکانی سے تنگ آ چکے ہیں۔ دفتر نے خبردار کیا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بنتے ہیں اور اقوام متحدہ کے شراکت داروں کی ان لوگوں تک رسائی متاثر ہوتی ہے جو امداد کے منتظر ہیں۔
ادارے نے زور دیا ہے کہ لڑائی فوری طور پر ختم کی جائے اور امدادی کارکنوں کو محفوظ ماحول میں اپنے فرائض انجام دینے کے قابل ہونا چاہیے۔
عالمی قوانین کے احترام کا مطالبہ
ایسی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ حوثیوں (نصار اللہ) نے المخا کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ تاہم، مشکلات کے باوجود اوچا اور اس کے امدادی شراکت دار 2,700 سے زیادہ خاندانوں تک ہنگامی امداد پہنچانے میں کامیاب رہے ہیں۔
دفتر نے واضح کیا کہ تمام ضرورت مند افراد تک امداد پہنچانے کے لیے مزید مالی وسائل کی فراہمی اور امدادی کارکنوں کی رسائی میں بہتری لانا نہایت ضروری ہے۔
اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کےموقع پر یمنی تنازع کے تمام فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کریں۔ ہر فریق کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے جس میں انہیں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقلی کا موقع فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ایسے تمام افراد تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی یقینی بنائی جائے جو انتہائی بدحال اور ضرورت مند ہیں۔