انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یمن: کشیدگی میں تشویشناک اضافہ، سیاسی تصفیے کی راہ مزید کٹھن

یمن کے شہر تعز میں مرد موٹرسائیکل پر ملبے اور تباہ شدہ عمارتوں کے کھنڈرات سے بھری گلی سے گزر رہے ہیں۔
© UNHCR/dotnotion/Ahmed Al Bash یمن کے علاقے تعز میں خانہ جنگی کی تباہ کاریوں کی ایک تصویر۔

یمن: کشیدگی میں تشویشناک اضافہ، سیاسی تصفیے کی راہ مزید کٹھن

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں حالیہ تشویشناک کشیدگی کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر لڑائی دوبارہ شروع ہونے کا خطرہ ہے جس کے شہریوں پر تباہ کن اثرات ہوں گے اور مسئلے کے سیاسی تصفیے کی جانب پیچیدہ راہ مزید دشوار ہو جائے گی۔

یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ہینز گرنڈبرگ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انصار اللہ (حوثیوں) کی جانب سے حالیہ دنوں مختلف محاذوں پر کیے جانے والے حملے انتہائی خطرناک پیش رفت ہے کیونکہ اس سے تنازع کا دائرہ مزید وسیع ہونے کا خدشہ ہے۔

Tweet URL

انہوں نے جھڑپوں میں شہریوں کی ہلاکتوں، لوگوں کے بے گھر ہونے اور شہری تنصیبات کو نقصان کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خصوصی نمائندے کا کہنا ہے کہ اگر بڑے پیمانے پر اور طویل عرصہ تک جاری رہنے والی لڑائی دوبارہ شروع ہوئی تو ملک میں جاری انسانی بحران مزید سنگین صورت اختیار کر جائے گا۔

امن و تحفظ، فعال و موثر ریاستی ادارے اور اس تنازع سے آگے ایک بہتر مستقبل کا قیام یمنی شہریوں کے بنیادی مطالبات ہیں جو ایسے قابل بھروسہ سیاسی عمل کے متقاضی ہیں جو مسئلے کی بنیادی وجہ بننے والے سیاسی، معاشی اور سلامتی کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

بلاتاخیر جنگ بندی کا مطالبہ

خصوصی نمائندے نے تنازع کے تمام فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لڑائی فوری طور پر روکیں، تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی پر قابو پانے کے لیے رابطہ کاری کے موجودہ ذرائع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں جن میں اقوام متحدہ کی عسکری رابطہ کار کمیٹی بھی شامل ہے۔

گرنڈبرگ نے زور دیا ہے کہ تمام فریق بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور شہریوں اور شہری ڈھانچے کا تحفظ یقینی بنائیں۔

انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ حالیہ کشیدگی کا خاتمہ کرنے اور مذاکرات کے لیے ضروری گنجائش برقرار رکھنے کی خاطر تمام فریقین کے ساتھ براہ راست رابطے جاری رکھیں گے۔

خصوصی نمائندے نے فریقین پر اثرورسوخ رکھنے والے علاقائی اور عالمی کرداروں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان مقاصد کے حصول میں تعاون فراہم کریں اور یمن میں سیاسی مذاکرات کی بحالی میں مدد دیں۔