نیپال: یو این ہلاکت خیز سیلاب متاثرین کی مدد جاری رکھے ہوئے
نیپال میں گزشتہ ہفتے آنے والے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں 903 افراد ہلاک اور 267 زخمی ہوئے ہیں جبکہ 4,200 سے زیادہ لاپتا ہیں۔ اقوام متحدہ ملکی حکام کو امدادی کارروائیوں میں مدد فراہم کر رہا ہے تاہم متاثرہ علاقوں تک رسائی اب بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔
حکومت نے سیلاب متاثرین کی تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے 20 ہزار سے زیادہ اہلکار تعینات کیے ہیں اور 15 علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ ملک میں اقوام متحدہ کا دفتر امدادی اقدامات میں ہر ممکن مدد مہیا کر رہا ہے۔ امدادی اداروں کی جانب سے متاثرہ علاقے نواکوٹ میں ایک رابطہ مرکز قائم کیا جا رہا ہے تاکہ مدد فراہم کرنے والے شراکت داروں کے درمیان منصوبہ بندی اور معلومات کے تبادلے کو بہتر بنایا جا سکے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے کہا ہے کہ متاثرہ افراد تک رسائی اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہے کیونکہ اہم سڑکیں سیلاب سے ہونے والے نقصان کے بعد مکمل یا جزوی طور پر بند ہیں۔ حالات کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے، تاہم اندازاً 65 ہزار افراد کو پانی، صفائی اور حفظان صحت کے حوالے سے ہنگامی امداد درکار ہے۔
اقوام متحدہ کے امدادی اقدامات
ترجمان نے بتایا کہ 22 ہزار سے زیادہ بچوں کو تحفظ کی ضرورت ہے جبکہ پانچ سال سے کم عمر کے 2,600 بچوں کو شدید غذائی قلت کا فوری علاج درکار ہے۔ تقریباً 10,500 حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین بھی غذائی امداد کی محتاج ہیں۔
سیلاب سے 19 سکول متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے نو مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ آٹھ سکول بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے عارضی پناہ گاہوں کے طور پر استعمال کیے جا رہے ہیں۔ سکول جانے کی عمر کے 10 ہزار سے زیادہ بچوں کو نفسیاتی و سماجی معاونت کی ضرورت ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ممکنہ طور پر کم از کم 107 بچے اپنے والدین یا نگہداشت کرنے والوں سے بچھڑ گئے ہیں۔ ان کے خاندانوں کی تلاش اور بچوں کو اپنے اہلخانہ سے دوبارہ ملانا فوری ترجیح ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اپنے شراکتی اداروں کے ساتھ مل کر حکام کی معاونت اور ان کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے امدادی کارروائیوں کو وسیع کر رہا ہے۔ عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) نے تقریباً 80 میٹرک ٹن خوراک 9,200 افراد تک پہنچائی ہے جو ان کی 15 روزہ ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔ عالمی ادارہ اطفال (یونیسف) شدید غذائی قلت کا شکار 500 بچوں کو علاج کی سہولت مہیا کر رہا ہے۔