طوفانی سیلابوں سے چین اور نیپال میں وسیع پیمانے پر تباہی
چین اور نیپال میں شدید سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے اداروں نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امداد پہنچانے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے دونوں ممالک میں آنے والی اس آفت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ملک میں ادارے کی ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر لیلا پیٹرز یاہیا حکومت کی قیادت میں جاری امدادی کارروائیوں میں شراکتی اداروں کے اقدامات کو مربوط کر رہی ہیں تاکہ بڑے پیمانے پر انسانی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ ہنگامی حالات سے نمٹںے کے لیے فوری کارروائی کرنا اقوام متحدہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس میں نیپال میں آنے والے شدید سیلاب کے متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
10 ہزار گھرانوں کو مدد کی ضرورت
نیپالی حکام کے مطابق، سیلاب کے بعد تقریباً 10 ہزار گھرانے فوری امداد کے محتاج ہیں۔ ہنگامی امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ آبادیوں، بازاروں، سڑکوں، پلوں اور پن بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو سیلابی ریلوں سے شدید نقصان ہوا ہے۔ بہت سی سڑکیں آمدورفت کے لیے بند ہو گئی ہیں جبکہ بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ تباہی کی وسعت اور شدت جانچنے کی کوششیں جاری ہیں جس کے بعد اندازہ ہو سکے گا کہ کون سی جگہوں پر کتنی مدد درکار ہے۔
چین میں اقوام متحدہ کا دفتر تبت میں ہلاکتوں اور تباہی کی اطلاعات دے رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ چینی حکومت کی قیادت میں جاری امدادی کوششوں میں مدد دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
اقوام متحدہ کے امدادی اقدامات
نیپال میں اقوام متحدہ کے امدادی شراکت دار متحرک ہو چکے ہیں۔ غیرسرکاری ادارے 'سیو دی چلڈرن' نے سیلاب سے متاثرہ ضلع نواکوٹ میں امدادی عملے کی تعیناتی شروع کر دی ہے جبکہ نیپال ریڈ کراس نے ہنگامی پناہ گاہیں بنانے کے لیے درکار سامان کے 200 پیکیج روانہ کیے ہیں۔
عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) متاثرہ علاقوں میں ہنگامی ضرورت کی خوراک فراہم کر رہا ہے اور ملکی حکام کو رسد اور نقل و حمل کے انتظام میں مدد دے رہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے دو اہلکار پہلے ہی متاثرہ علاقوں میں تعینات ہیں جن کے پاس تقریباً 10 ہزار افراد کے لیے تین ماہ تک درکار طبی سامان موجود ہے۔ علاوہ ازیں، متاثرین کے لیے خیمے اور انصرامی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
اقوام متحدہ کا ادارہ برائے اطفال (یونیسف)جمعرات سے اپنے عملے کو متاثرہ علاقوں میں بھیج رہا ہے جبکہ امدادی سامان کے ٹرک بھی روانہ کیے جائیں گے۔
اقوام متحدہ کا ترقیاتی پروگرام(یو این ڈی پی) ڈیٹا مینجمنٹ کے لیے معاونت فراہم کر رہا ہے اور رضاکاروں کو بھی متاثرہ علاقوں میں بھیج رہا ہے۔
ملک میں اقوام متحدہ کی ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر کا دفتر اور اوچا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی سیٹلائٹ تصاویر کے حصول اور ان کے تجزیے میں مدد دے رہے ہیں۔