انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین پر روس کے ڈرون و میزائل حملے قابل مذمت، یو این چیف

ایک نوجوان لڑکا کھیل کے میدان میں کھڑا کیف میں حملے کے بعد ملبہ صاف کرنے والی کرینوں کے ساتھ ایک بھاری تباہ شدہ اپارٹمنٹ کی عمارت کو دیکھ رہا ہے۔
© UNOCHA/ Viktoriia Andriievska یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں ایک بچہ بمباری سے تباہ ہونے والی ایک رہائشی عمارت کو دیکھ رہا ہے۔

یوکرین پر روس کے ڈرون و میزائل حملے قابل مذمت، یو این چیف

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے یوکرین کے دارالحکومت کیئو اور ملک کے دیگر شہروں میں روس کے بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت مذمت کی ہے جن میں درجنوں شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے کہا ہے متحارب فریقین کی جانب سے گنجان آباد شہری علاقوں پر حملے تشویشناک اور بین الاقوامی انسانی قانون کی واضح خلاف ورزی ہیں جنہیں فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔

ترجمان کے مطابق، سیکرٹری جنرل نے فریقین سے کشیدگی کے فوری خاتمے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان فوری، مکمل اور غیر مشروط جنگ بندی عمل میں لائی جانا چاہیے جس کے بعد بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے منشور اور اس تنازع سے متعلق ادارے کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ، پائیدار اور جامع امن قائم کیا جائے۔

اقوام متحدہ کے امدادی اقدامات

ترجمان نے بتایا کہ امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل ٹام فلیچر یوکرین میں موجود ہیں جنہوں نے وہاں شہریوں کے لیے ایک اور خونریز رات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر شدید صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ان حملوں میں گھروں، ہسپتالوں اور ایک سکول کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ٹام فلیچر کا کہنا ہے کہ شہریوں کا نقصان انتہائی افسوسناک اور باعث تشویش ہے۔

ٹام فلیچر نے آج کیئو میں یوکرین کے متعدد اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں وزیر خارجہ آندرے سیبیہا بھی شامل تھے جن سے انہوں نے حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے لیے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے یوکرین کے نائب وزیراعظم اور وزیر توانائی ڈینس شماہل اور وزیر برائے سماجی پالیسی و قومی اتحاد ڈینس یولیٹن سے بھی ملاقات کی۔

ترجمان کے مطابق، اقوام متحدہ نے اپنے امدادی شراکت داروں کے تعاون سے کیئو اور اس کے گردونواح میں حملوں کے فوراً بعد ہنگامی امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ امدادی ٹیموں نے ہنگامی خدمات انجام دینے والے اداروں اور بلدیاتی کارکنوں کی معاونت کی اور متاثرین کو ابتدائی طبی امداد، نفسیاتی معاونت، تیار کھانا، تعمیراتی سامان اور نقد امداد فراہم کی۔