انسانی کہانیاں عالمی تناظر

مشرق وسطیٰ: میتھ کی خریدوفروخت جدید خطوط پر استوار، یو این او ڈی سی

چینی اور انگریزی میں نیلے رنگ کے شناختی کارڈ کے ساتھ سفید میتھیمفیٹامائن کرسٹل پکڑے ہوئے پلاسٹک کا ایک صاف کنٹینر۔
Gary Todd جنوب مغربی ایشیا میتھم فیٹامین کی دوسرے علاقوں کو منتقلی کا بڑا مرکز ہے۔

مشرق وسطیٰ: میتھ کی خریدوفروخت جدید خطوط پر استوار، یو این او ڈی سی

جرائم کی روک تھام اور قانون

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے بتایا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں میتھم فیٹامائن (میتھ) کی سمگلنگ نے جدید صورت اختیار کر لی ہے جبکہ مصنوعی منشیات کی خریدوفروخت بھی بڑھتی جا رہی ہے۔

اگرچہ اس وسیع خطے میں بین الاقوامی توجہ زیادہ تر افیون کی پیداوار میں کمی لانے پر مرکوز رہی ہے، تاہم منشیات کی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے جدید نیٹ ورک اپنا رخ تبدیل کرتے ہوئے مصنوعی منشیات کی تیاری اور برآمد پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں جس کا اندازہ خطے میں بہت سی جگہوں پر پکڑی جانے والی منشیات سے ہوتا ہے۔

Tweet URL

ایران کے حکام نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 3,663 کلوگرام میتھم فیٹامائن ضبط کی جو افغانستان سے آئی اور خلیجی ممالک و یورپ کو سمگل کی جا رہی تھی۔ 2022 میں حکام نے 30,393 کلوگرام میتھ ضبط کی تھی جو 2025 میں بڑھ کر 40,453 کلوگرام ہو گئی۔ ملک میں پکڑی جانے والی منشیات کی بیشتر مقدار ترکیہ کے راستے یورپ پہنچائی جانا تھی۔

میتھم فیٹامائن سے لاحق خطرات

میتھ ایک انتہائی خطرناک اور شدید لت لگانے والی منشیات ہے جو عموماً خفیہ اور غیر قانونی لیبارٹریوں میں تیار کی جاتی ہے۔'یو این او ڈی سی' کے مطابق، اس کی زیادہ مقدار لینے سے دورے پڑ سکتے ہیں اور موت واقع ہو سکتی ہے جبکہ اس کا طویل عرصہ تک استعمال غذائی کمی اور نفسیاتی انحصار کا باعث بن سکتا ہے۔

امریکا میں جنوری 2021 سے جون 2024 تک تقریباً 96 ہزار ایسی اموات ریکارڈ کی گئیں جو میتھ استعمال کرنے کے سبب ہوئیں۔ 

ادارے کا کہنا ہے کہ میتھ کی سمگلنگ روکنے سے نہ صرف یورپ اور مشرق وسطیٰ میں انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں بلکہ منظم جرائم کی مالی معاونت کرنے والی غیر قانونی رقوم کی ترسیل بھی روکی جا سکتی ہے۔

شام میں بھی حکام ہزاروں کی تعداد میں کیپٹاگون کی گولیاں ضبط کر رہے ہیں۔ یہ ایک مصنوعی منشیات ہے اور مشرق وسطیٰ میں اس کا استعمال عام ہے۔ کیپٹاگون کی بڑے پیمانے پر پیداوار بشار الاسد حکومت کے لیے زرمبادلہ کا ایک اہم ذریعہ تھی تاہم دمشق میں نئی حکومت کے قیام کے بعد اس کی بڑے پیمانے پر پیداوار میں خلل آیا ہے۔

انسداد منشیات: اقوام متحدہ کا کردار

'یو این او ڈی سی' کے مطابق، جرائم پیشہ نیٹ ورک کئی ٹن وزنی میتھ کی کھیپیں منتقل کرنے کے لیے جدید اور پیچیدہ طریقہ کار سے کام لے رہے ہیں۔ تاہم ادارہ بھی اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہا ہے۔ اس نے ایران کو سرحدوں پر میتھ کی سمگلنگ روکنے کے لیے جدید سکیننگ آلات کے حصول میں مدد فراہم کی ہے۔ علاوہ ازیں، اسے فرانزک صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں بھی معاونت دی گئی ہے تاکہ نئی اور ممکنہ طور پر زیادہ خطرناک مصنوعی منشیات کی شناخت ہو سکے۔

ادارے کے مطابق، منشیات کی سمگلنگ کے اس راستے کو بند کرنے کے لیے مسلسل مالی معاونت اور عطیہ دہندگان کی سرمایہ کاری انتہائی اہم ہے۔ تاہم اس مقصد کے لیے عالمی برادری کی جانب سے اجتماعی اور پائیدار حکمت عملی سے کام لینا بھی ضروری ہے۔