انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یمن: یو این سلامتی کونسل کا بڑھتی کشیدگی پر اظہار تشویش

یمن کے ایک شہر میں ایک مصروف گلی کا منظر ، جس میں روایتی لباس میں ملبوس مرد بیک گراؤنڈ میں تاریخی فن تعمیر کے ساتھ ایک مارکیٹ میں ٹیکسٹائل بیچ رہے ہیں۔
© Unsplash/Thomas Foertsch یمن کے شہر صنعا کا قدیمی علاقہ۔

یمن: یو این سلامتی کونسل کا بڑھتی کشیدگی پر اظہار تشویش

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو قیام امن کے لیے جاری  کوششوں اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

کونسل کے ارکان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں 3 جولائی کو صنعا اور 13 جولائی کو الحدیدہ کے ہوائی اڈوں پر غیرملکی طیاروں کی جانب سے یمنی حکومت کی اجازت اور منظوری کے بغیر اترنے کی مذمت کی۔ ارکان کے مطابق یہ اقدام شہری ہوا بازی کے بین الاقوامی ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے 13 جولائی سے حوثیوں (انصاراللہ)  کی جانب سے سعودی عرب پر اور 22 جولائی سے تجارتی بحری جہازوں کے خلاف کیے جانے والے میزائل حملوں کی بھی مذمت کیہے۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے یمن کی خودمختاری، آزادی، وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ملک کی خودمختاری، بشمول اس کی سرزمین اور فضائی حدود، کے احترام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یمن کے ہوائی اڈوں پر اترنے کے لیے تمام پروازوں کو ملکی حکومت سے پیشگی منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔

کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی قانون اور شہری ہوا بازی کے ضوابط کے تحت، یمنی حکومت کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی کے ذریعے امدادی اور شہری مقاصد کے لیے محفوظ اور مستقل فضائی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔

قرارداد 2216 پر عملدرآمد کا مطالبہ

ارکان نے بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں، بالخصوص قرارداد 2216 پر عمل کے لیے بھی زور دیا ہے۔ اس قرارداد کے تحت پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد اور اداروں، بشمول حوثیوں کو جنگی سازوسامان کی فراہمی، فروخت یا منتقلی اور عسکری سرگرمیوں سے متعلق تکنیکی یا مالی معاونت فراہم کرنے پر پابندی عائد ہے۔

کونسل کے ارکان نے خطے کی مجموعی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات علاقائی سلامتی اور آزادانہ بحری آمدورفت کے لیے خطرہ ہیں اور ان سے خطے بالخصوص یمن میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے اور امن کے حصول کی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے حوثیوں پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی بڑھانے سے گریز کریں اور اپنے تحفظات دور کرنے اور تناؤ کو کم کرنے کے لیے پہلے سے موجود مذاکراتی ذرائع اور رابطے استعمال کریں۔

کونسل کے ارکان نے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہینز گرنڈبرگ کی کوششوں کے لیے بھی اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے جن کا مقصد مشمولہ، مذاکراتی اور یمنیوں کی قیادت میں ایسے سیاسی تصفیے تک پہنچنا ہے جو متفقہ اصولوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہو۔