انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین پر روسی حملوں میں شدت، میزائلوں اور ڈرونوں کا بے دریغ استعمال

فائر فائٹرز اور فائر ٹرک کیف، یوکرین میں ایک حملے کے مقام پر، ایک تباہ شدہ عمارت اور ملبے سے گھرا ہوا ہے۔
© UNICEF/Oleksii Filippov یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں ایک حملے کے بعد فائر بریگیڈ عملہ لوگوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں (فائل فوٹو)۔

یوکرین پر روسی حملوں میں شدت، میزائلوں اور ڈرونوں کا بے دریغ استعمال

امن اور سلامتی

روس کی جانب سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب یوکرین پر بیلسٹک میزائلوں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون حملوں میں 17 شہری ہلاک اور 44 زخمی ہو گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے بتایا ہے کہ بیشتر ہلاکتیں دارالحکومت کیئو اور اس کے نواحی علاقوں میں ہوئیں۔

ہنگامی امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) کے مطابق، اپریل 2022 کے بعد جولائی 2026 اس جنگ میں یوکرین کے شہریوں کے لیے سب سے زیادہ خونریز مہینہ ثابت ہوا۔ 2026 کے پہلے چھ ماہ میں 1,396 یوکرینی شہری ہلاک اور 7,978 زخمی ہوئے۔ یہ تعداد 2024 اور 2025 کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔

Tweet URL

یوکرین میں اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار میتھیاس شمل نے کہا ہے کہ متواتر حملوں کے باعث بڑی تعداد میں لوگ تباہی کا شکار ہو رہے ہیں، انہیں نقل مکانی کا سامنا ہے یا وہ اپنی زندگیاں دوبارہ تعمیر کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ 

شہریوں کی بڑھتی ہلاکتیں

رات بھر ہونے والے حملوں میں کیئو کے قریب ضلع برووارسکی میں ایک ریلوے پلیٹ فارم پر متعدد افراد ہلاک ہوئے جبکہ کراماتورسک، کیرسون اور زیپوریژیا میں بھی درجنوں افراد کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ان حملوں میں گھروں، سکولوں، نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے، پانی کی فراہمی کے نظام اور انسانی امداد کے گوداموں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

یوکرین میں 'او ایچ سی ایچ آر' کے سربراہ ڈینیئل بیل نے کہا ہے کہ گنجان آباد علاقوں میں بیلسٹک میزائلوں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے دیگر ہتھیاروں کے بڑھتے ہوئے استعمال سے شہری ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ گھروں، کاروباری مراکز اور دیگر شہری تنصیبات کو بھی وسیع پیمانے پر نقصان پہنچ رہا ہے۔

اقوام متحدہ نے فروری میں بتایا تھا کہ تقریباً 37 لاکھ یوکرینی شہری اب بھی اندرون ملک میں بے گھر ہیں جبکہ 59 لاکھ افراد مختلف ممالک میں بطور مہاجر زندگی گزار رہے ہیں۔

دوسری جانب، روسی حکام کے مطابق، منگل کو یوکرین کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون حملوں کے نتیجے میں روس کے مختلف شہروں میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوئے جن میں بچے بھی شامل تھے۔ 

یو این امدادی اقدامات

یوکرین میں ایک کروڑ 27 لاکھ شہری انسانی امداد کے محتاج ہیں۔ پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کا ادارہ (یو این ایچ سی آر) بے گھر افراد اور واپس آنے والے شہریوں کو ہنگامی رہائش، نقد امداد اور گھروں کی مرمت کے لیے معاونت فراہم کر رہا ہے۔

عالمی ادارہ مہاجرت (آئی او ایم) امداد کی ترسیل میں مدد فراہم کر رہا ہے جبکہ عالمی ادارہ اطفال (یونیسف) یوکرین کے بچوں کو صاف پانی، تعلیم اور نفسیاتی و سماجی معاونت مہیا کر رہا ہے۔

جولائی میں اقوام متحدہ کے امدادی شراکت داروں نے آئندہ موسم سرما کے لیے خصوصی امدادی منصوبہ شروع کیا جس کے تحت حرارت کی سہولت، رہائش گاہوں کی مرمت، طبی خدمات، تحفظ، خوراک اور نقد امداد فراہم کی جائے گی۔

بچوں پر حملے روکنے کا مطالبہ

یونیسف نےکہا ہے کہ دونوں ممالک میں بچے مسلسل تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں۔ منگل کو روس میں ہونے والے ایک حملے میں تین نو عمر بچے ہلاک ہوئے جبکہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روسی حملوں میں یوکرین میں کم از کم چھ بچوں کی ہلاکت ہوئی۔

ادارے نے تمام فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں جن میں بچوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کا تحفظ بھی شامل ہے۔