انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ٹیٹ برادران کی برطانیہ حوالگی پر امریکہ میں عدالتی کارروائی کا خیرمقدم

ایک خاتون سنہرے بالوں والی بالوں والی اور سیاہ ناخنوں کی سیاہی والی ایک خاتون ایک اسمارٹ فون استعمال کر رہی ہے جبکہ وہ باہر ایک ریلنگ پر جھکی ہوئی ہے۔
© Unsplash خواتین کی گواہیوں اور تجربات کو نظر انداز یا مسترد کیا جاتا رہا جنہوں نے ٹیٹ برادران کے خلاف قابل اعتبار الزامات عائد کیے تھے۔

ٹیٹ برادران کی برطانیہ حوالگی پر امریکہ میں عدالتی کارروائی کا خیرمقدم

انسانی حقوق

اقوام متحدہ نے خواتین اور لڑکیوں کے خلاف مبینہ جرائم پر امریکہ میں گرفتار ٹیٹ برادران کے خلاف عدالتی کارروائی کے آغاز کا خیرمقدم کیا ہے جس کا مقصد دونوں بھائیوں کو قانون کا سامنا کرنے کے لیے برطانیہ منتقل کرنا ہے۔

خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد، اس کی وجوہات اور نتائج سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ ریم السالم نے کہا ہے کہ برسوں تک قانون نافذ کرنے والے اداروں اور استغاثہ کی جانب سے ان خواتین کی گواہیوں اور تجربات کو نظر انداز یا مسترد کیا جاتا رہا جنہوں نے ٹیٹ برادران کے خلاف قابل اعتبار الزامات عائد کیے تھے۔ حالیہ عدالتی کارروائیوں سے یہ امید دوبارہ زندہ ہوئی ہے کہ موثر بین الاقوامی تعاون کے ذریعے بالآخر انصاف کا حصول ممکن ہو سکے گا۔

Tweet URL

انہوں نے کہا ہے کہ دونوں بھائیوں پر عائد الزامات کی سنگینی اور خواتین سے نفرت پر مبنی نقصان دہ مردانگی کے تصورات کو فروغ دینے میں کردار کے پیش نظر انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا ضروری ہے۔

برطانیہ اور امریکہ کی دہری شہریت کے حامل اینڈریو اور ٹرسٹن ٹیٹ سابق پیشہ ور کک باکسر اور اب سوشل میڈیا پر اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیات ہیں۔ انہیں 18 جولائی 2026 کو برطانیہ کی درخواست پر امریکہ کے شہر میامی میں گرفتار کیا گیا۔ 

انصاف یقینی بنانے کا مطالبہ

برطانیہ میں ان دونوں کے خلاف مجموعی طور پر 59 فوجداری الزامات عائد ہیں جن میں جنسی زیادتی، جنسی حملہ، جنسی استحصال کے لیے انسانی سمگلنگ میں سہولت کاری، جسمانی حملہ، بچوں کی فحش تصاویر رکھنا اور دیگر جرائم شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، رومانیہ میں بھی ان کے خلاف نابالغ افراد سمیت انسانوں کی سمگلنگ جیسے الزامات پر الگ فوجداری مقدمات زیر سماعت ہیں۔

خصوصی نمائندہ کا کہنا ہے، عموماً ایسا ہوتا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد کے مرتکب افراد عدالتی تاخیر، مختلف ممالک کے درمیان غیر مربوط قانونی کارروائیوں یا اپنی دولت، طاقت اور عوامی اثر و رسوخ کا فائدہ اٹھا کر احتساب سے بچ نکلتے ہیں۔ 

انہوں نے امریکہ، برطانیہ اور رومانیہ کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ ٹیٹ برادران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے یاد دلایا ہے کہ ریاستوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ استحصال اور تشدد کا نشانہ بننے والے افراد کے اس حق کا تحفظ کریں کہ وہ انتقام، دھمکی یا دوبارہ اذیت رسانی کے خوف کے بغیر اپنے ساتھ ہونے والے جرائم پر انصاف اور احتساب کا مطالبہ کر سکیں۔

شکایات پر عدم کارروائی

ریم السالم نے مطالبہ کیا ہے کہ انصاف کا عمل ٹیٹ برادران کی انفرادی فوجداری ذمہ داری تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان تمام افراد کو بھی تحقیقات اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا چاہیے جنہوں نے خواتین اور لڑکیوں کو پھانسنے، ان کا استحصال کرنے اور ان پر ظلم ڈھانے کے اس مبینہ مجرمانہ نیٹ ورک میں دونوں بھائیوں کو مدد فراہم کی۔

ریم السالم نے کہا ہے کہ انہوں نے 4 مارچ 2026 کو رومانیہ اور برطانیہ کی حکومتوں کو مراسلے ارسال کیے تھے جن کی ایک نقل امریکہ کو بھی بھیجی گئی۔ ان مراسلوں ایسی معلومات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اینڈریو ٹیٹ پر جنسی حملے، جسمانی تشدد اور انتقامی کارروائی کے الزامات عائد کرنے والی ایک خاتون کی شکایات پر متعلقہ حکام نے مناسب کارروائی نہیں کی۔

غیر جانبدار ماہرین و اطلاع کار

غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔