اسرائیل کی 4 دنوں میں لبنانی فضائی حدود کی 125 خلاف ورزیاں، یونیفیل
لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری امن فورس (یونیفیل) نے بتایا ہے کہ اسرائیل کے جنگی طیاروں نے 30 جولائی سے 2 اگست تک ملکی فضائی حدود کی 125 مرتبہ خلاف ورزی کی اور ان کی مجموعی پروازوں کا دورانیہ 418 گھنٹوں سے زیادہ رہا۔
یونیفیل نے یہ بھی کہا ہے کہ بلیو لائن کے مشرقی اور مغربی حصوں میں اس کی چوکیوں کے قریب یا ان کے اوپر اسرائیلی جاسوس اور مسلح ڈرون طیاروں کی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔
اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا ہے کہ جنوبی لبنان میں زمینی سطح پر بھی وسیع پیمانے پر اسرائیلی عسکری سرگرمیاں جاری ہیں جن میں بڑے پیمانے پر انجینئرنگ کا کام اور فوجیوں کی مسلسل نقل و حرکت شامل ہے۔
ہفتہ اور اتوار کو یونیفیل کے امن کاروں نے اسرائیلی فوج کی جانب سے دریائے لیطانی کے شمالی علاقوں میں متعدد مرتبہ توپ خانے سے گولہ باری ریکارڈ کی۔ علاوہ ازیں، امن کاروں نے لبنان کی علاقائی سمندری حدود میں بھی اسرائیلی فوج کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا ہے۔
امن کاروں کی راہ میں رکاوٹ
ترجمان نے بتایا کہ جنوبی لبنان میں یونیفیل کے امن کاروں کو اپنی نقل و حرکت کے دوران کئی طرح کی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ جمعے کو اسرائیلی فوج نے مشرقی اور مغربی دونوں علاقوں میں عارضی طور پر راستے بند کر دیے جس سے مشرق میں امن کاروں کی معمول کی نقل و حرکت اور مغرب میں ناقورہ کی ساحلی شاہراہ پر گشت متاثر ہوا۔ بعد ازاں سڑکیں دوبارہ کھول دی گئیں اور آمدورفت معمول پر آ گئی۔
ایک الگ واقعے میں یونیفیل کے گشتی دستوں پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔
جنگلاتی آگ بجھانے میں تعاون
اتوار کو امن کاروں نے مشرقی علاقے میں ان پھٹا گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز) دریافت کیے جنہیں موقع پر ہی محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا گیا۔
لبنانی فوج کی درخواست پر اور کسی ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے اسرائیلی فوج سے پیشگی رابطے کے بعد، یونیفیل کے ایک ہیلی کاپٹر اور اہلکاروں نے اتوار کی سہ پہر شویا اور عین جرفا کے قریب جنگلاتی علاقے میں لگنے والی آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔ یہ علاقہ یونیفیل کے باضابطہ دائرہ کار سے باہر واقع ہے۔
یونیفیل نے اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ دفتر (اوچا) کے تعاون سے جمعرات اور جمعہ کو مشرقی اور مغربی دونوں علاقوں میں سات امدادی کارروائیوں میں بھی سہولت فراہم کی۔