نیلسن منڈیلا عالمی دن: غربت کے خاتمے اور مساوات کی ترویج پر زور
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ انصاف، شمولیت، مساوات اور امن پر مبنی دنیا کے لیے نیلسن منڈیلا کے تصور کو آگے بڑھانا ہو گا۔ تبدیلی لانے کا سب سے موثر طریقہ یہی ہے کہ لوگ یکجہتی کے ساتھ ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لیں۔
سیکرٹری جنرل نے 'نیلسن منڈیلا عالمی دن' کی مناسبت سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منعقدہ تقریب کے لیے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کی جدوجہد آزادی کے رہنما کا پختہ یقین تھا کہ مشترکہ انسانیت نفرت، تقسیم، امتیاز اور ناانصافی کی قوتوں پر غالب آ سکتی ہے۔
انہوں نے نیلسن منڈیلا کے الفاظ دہراتے ہوئے کہا کہ غلامی اور نسلی امتیاز کی طرح غربت بھی کوئی فطری حقیقت نہیں بلکہ انسان کی پیدا کردہ ہے۔ غربت اور عدم مساوات کا خاتمہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ معیشتوں اور معاشروں کی تشکیل نو کی جائے اور پالیسیوں، بجٹ اور سرمایہ کاری کا اصل مرکز انسان کو بنایا جائے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ نیلسن منڈیلا اس حقیقت سے بخوبی آگاہ تھے کہ ترقی خودبخود نہیں آتی بلکہ مسلسل جدوجہد اور عملی اقدامات کا نتیجہ ہوتی ہے۔ لہٰذا یہ سبھی کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ اپنے اقدامات، اپنی آواز اور اپنی جدوجہد کے ذریعے غربت اور عدم مساوات کے خاتمے کو حقیقت کا روپ دیا جائے۔
تقریب میں سیکرٹری جنرل کا یہ پیغام ان کے چیف آف سٹاف کورٹنی ریٹری نے پڑھ کر سنایا۔
وقار، انصاف اور مساوات کا سبق
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر اینالینا بیئربوک نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ نیلسن منڈیلا یہ سبق دے گئے ہیں کہ امن صرف جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ یہ انسانی وقار، انصاف اور سب کے لیے مساوات کا تقاضا بھی کرتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ غربت کے خاتمے کی جانب پیش رفت اب بھی غیر متوازن ہے، اور پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت 2030 تک ہر طرح کی غربت ختم کرنے کے عالمی عزم کے باوجود 20 فیصد ممالک ہی غربت میں کمی لانے کی جانب درست راہ پر گامزن ہیں۔
نیلسن منڈیلا عالمی دن صرف ان کی یاد منانے کا موقع نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے عملی اقدام کی ایک مضبوط دعوت بننا چاہیے۔ 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے سے قبل آج یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ آئندہ چار برس میں کتنے خاندانوں کی مدد کی جا سکتی ہے، مزید کتنے بچوں کو تعلیم دی جا سکتی ہے اور کتنے بھوکے لوگوں کا پیٹ بھرا جا سکتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ نیلسن منڈیلا کی طرح آخری دم تک جدوجہد جاری رکھنا ہو گی تاکہ دنیا کو تمام انسانوں کے لیے بہتر جگہ بنایا جا سکے۔
نیلسن منڈیلا عالمی دن
نومبر 2009 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کی امن و آزادی کے فروغ میں غیرمعمولی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے 18 جولائی کو 'نیلسن منڈیلا عالمی دن' منانے کا اعلان کیا تھا۔
یہ دن منانے کی منظوری ایک قرارداد کے ذریعے دی گئی جس میں نیلسن منڈیلا کی اقدار اور انسانیت کی خدمت کے لیے ان کی بے لوث جدوجہد کو سراہا گیا ہے۔ ان اقدار میں تنازعات کا پرامن حل، نسلی ہم آہنگی، انسانی حقوق کا فروغ و تحفظ، مفاہمت، صنفی مساوات، بچوں اور دیگر کمزور طبقات کے حقوق کا دفاع، غربت کے خلاف جدوجہد اور سماجی انصاف کا فروغ شامل ہیں۔
اس قرارداد میں جمہوریت کے فروغ، عالمی سطح پر آزادی کی جدوجہد اور پوری دنیا میں امن کے ماحول کو مضبوط بنانے کے لیے نیلسن منڈیلا کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔