انسانی کہانیاں عالمی تناظر

وینزویلا زلزلے میں نقصانات کا حجم 37 ارب ڈالر، یو این ادارے

UN OCHA اور USAR ٹیمیں 27 جون 2026 کو وینزویلا کے لا گویرا میں تباہ کن زلزلوں کے بعد رابطہ کر رہی ہیں۔ ایک سرچ اینڈ ریسکیو کتا ملبے کے درمیان ٹیموں کے ساتھ ہے۔
© UNOCHA/Jennifer Moreno اقوام متحدہ کے کارکن وینزویلا کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں مقامی امدادی کارکنوں کے ساتھ مل کر مصروف عمل ہے۔

وینزویلا زلزلے میں نقصانات کا حجم 37 ارب ڈالر، یو این ادارے

انسانی امداد

اقوام متحدہ اور اس کے شراکتی اداروں نے وینزویلا میں زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ تازہ ترین تخمینے کے مطابق 24 جون کو آنے والے دو تباہ کن زلزلوں سے ہونے والے براہ راست مادی نقصانات کا حجم 37 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفین ڈوجیرک نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا ہے گھروں، کاروباری مراکز، سکولوں، ہسپتالوں اور دیگر عوامی سہولیات کو 24 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے جبکہ سڑکوں، پلوں اور ایسے دیگر بنیادی ڈھانچے کی تباہی سے 13 ارب ڈالر نقصان کا اندازہ ہے۔

Tweet URL

بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں سب سے زیادہ نقصان ٹیلی مواصلاتی نظام کو پہنچا جس کا تخمینہ تقریباً 5 ارب ڈالر ہے۔ اس کے بعد توانائی پیدا کرنے کے نظام اور سڑکوں کا نقصان ہوا۔ 

یہ تخمینہ زمینی جائزوں کے بجائے خطرات کے ماڈلنگ نظام کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔ اس میں متاثرہ خدمات بند ہونے، معاشی سرگرمیوں میں رکاوٹوں، ہنگامی امدادی اخراجات، سپلائی چین پر پڑنے والے اثرات یا تعمیر نو کے اخراجات شامل نہیں۔ اس لیے مجموعی معاشی نقصان اس سے کہیں زیادہ ہو سکتا ہے۔

وینزویلا کی حکومت کے مطابق اب تک ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 340 سے زیادہ ہو چکی ہے۔ 16 ہزار 740 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں جبکہ 17 ہزار افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

بچوں کا بھاری نقصان

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے خبردار کیا ہے کہ اس تباہی سے بچوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ تقریباً 6 لاکھ 50 ہزار افراد انسانی امداد کے محتاج ہوں گے جن میں 2 لاکھ 34 ہزار بچے بھی شامل ہیں، ۔

دارالحکومت کراکس کے تقریباً ایک تہائی سکول زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں جس کے باعث ہزاروں طلبہ کی تعلیم میں خلل آیا ہے۔ یونیسف نے متاثرین کی امداد کے لیے ملک میں مددگار ٹیمیں روانہ کر دی ہیں اور 68 ٹن امدادی سامان بھی بھیجا ہے جس میں طبی سازوسامان، صاف پانی اور صحت و صفائی کے لیے درکار چیزیں شامل ہیں۔ 

ادارے نے متاثرہ خاندانوں کے لیے طبی سہولیات، غذائیت، صاف پانی، بچوں کے تحفظ اور تعلیم کے شعبوں میں امداد بڑھانے کے لیے 5 کروڑ 20 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

امدادی خدمات کی فراہمی

اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ دفتر (اوچا) کے مطابق، متاثرہ علاقوں میں تلاش اور بچاؤ کی ٹیمیں اب بھی کام کر رہی ہیں۔ اسی دوران امدادی ضروریات کا ایک الگ جائزہ بھی مکمل ہونے کو ہے جس کی بنیاد پر امدادی منصوبے اور مالی ضروریات کی نئی تفصیلات مرتب کی جائیں گی۔

اقوامِ متحدہ کے ادارے صحت کے شعبے میں بنیادی سہولیات، ذہنی صحت کی خدمات اور نفسیاتی معاونت مہیا کر رہے ہیں جبکہ ضرورت کے مطابق جنسی اور تولیدی صحت کی خدمات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

امدادی حکام کے مطابق، کیمپوں میں صاف پانی اور صفائی کی سہولیات میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ عارضی رہائشی مراکز میں حفظان صحت کا سامان تقسیم کیا جا رہا ہے اور نکاسی آب و صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

وینزویلا کے لیے امدادی منصوبے کو اب تک 27 کروڑ 40 لاکھ ڈالر موصول ہو چکے ہیں جبکہ نجی شعبے کے عطیہ دہندگان سے تین کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے زیاد مالی وسائل اور دیگر اشیا و خدمات کی صورت میں تعاون بھی حاصل ہوا ہے۔