انسانی کہانیاں عالمی تناظر

بعد از امن تحفظ اور انصاف تک رسائی انتہائی اہم، یو این پولیس مشیر

UN پولیس مشیر فیصل شاہکار نے سلامتی کونسل کے اجلاس کو United Nations امن مشن کے بارے میں بریفنگ دی۔
UN Photo/Eskinder Debebe اقوام متحدہ کے مشیرِ پولیس فیصل شاہکار سلامتی کونسل کے ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے (فائل فوٹو)۔

بعد از امن تحفظ اور انصاف تک رسائی انتہائی اہم، یو این پولیس مشیر

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے مشیرِ پولیس فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ جنگوں سے متاثرہ لوگوں کے لیے امن صرف ہتھیار خاموش ہو جانے کا نام نہیں بلکہ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ وہ بلاخوف اپنے گھروں کو واپس جا سکیں، انصاف تک رسائی پائیں اور ان اداروں پر اعتماد کر سکیں جن کی ذمہ داری ان کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے سربراہان پولیس کے پانچویں اجلاس (یو این کاپس 2026) کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اجلاس کا بنیادی پیغام واضح ہے کہ امن کے لیے تحفظ اور سلامتی ناگزیر ہیں۔ امن کارروائیوں کے ایک اہم جزو کے طور پر اقوام متحدہ کی پولیس کا ان لوگوں سے براہ راست اور مسلسل رابطہ رہتا ہے جن کی خدمت اس کا مقصد ہے۔

Tweet URL

فیصل شاہکار نے کہا کہ جدید، عوامی ضروریات کے بارے میں حساس، انسانی حقوق کے اصولوں کی پاسدار، پیشہ وارانہ مہارت سے آراستہ اور اپنے مقصد کے مطابق تیار کی گئی اقوام متحدہ کی پولیس نہ صرف مقامی آبادی بلکہ قومی اداروں اور عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی ٹھوس اور دیرپا فوائد فراہم کرتی ہے۔

تین اہم ترجیحات 

فیصل شاہکار نے بتایا کہ اجلاس میں شریک ممالک اور شراکت داروں کی توجہ تین اہم ترجیحات پر مرکوز ہو گی۔

  • قیام امن کے نظام میں جاری تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کا آئندہ کردار
  • اس کام کو مزید موثر بنانے کے لیے جدید اور نئی ٹیکنالوجی کا استعمال 
  • سرحدوں سے ماورا مسائل سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی مضبوطی 

یہ اجلاس اس بات کا موقع بھی ہے کہ اقوام متحدہ کے شعبہ پولیس کو نفاذ قانون سے متعلق امور میں مرکزی رابطہ ادارے کے طور پر مزید مستحکم کیا جائے، اس کی کارکردگی اور صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے اور پولیسنگ سے متعلق ترجیحات کو امن و سلامتی سے متعلق وسیع تر مباحث کا حصہ بنایا جائے۔

بروقت ردعمل، نفاذ قانون

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہونے والی کوششوں کے نتائج مختلف امن کارروائیوں میں پہلے ہی نمایاں نظر آتے ہیں۔ جمہوریہ کانگو میں اقوام متحدہ کی پولیس مشترکہ گشت کے ذریعے شہریوں کے تحفظ میں معاونت کر رہی ہے، ہنگامی فون کالز پر بروقت ردعمل دیتی ہے اور خطرات سے دوچار علاقوں میں قومی پولیس کی مدد فراہم کرتی ہے۔ 

اقوام متحدہ کی پولیس نے وسطی افریقی جمہوریہ میں ملکی حکام کو پرامن، محفوظ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی تیاری میں تعاون فراہم کیا ہے۔ اسی طرح جنوبی سوڈان اور سوڈان کے مابین سرحدی علاقے ابیے میں مقامی لوگوں کی مدد سے نفاذ قانون، ثالثی اور مکالمے کے ذریعے مختلف برادریوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے اور مقامی سطح پر سلامتی کے انتظامات میں خواتین کی موثر شرکت کو فروغ دینے میں مدد ملی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تنوع بھی اقوام متحدہ کی پولیس کی کامیابی کا ایک بنیادی ستون ہے۔ اس پولیس میں دنیا کے تقریباً 100 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے اہلکار شامل ہیں جو اپنے ساتھ مختلف پیشہ وارانہ روایات، مہارتیں اور زبانیں لاتے ہیں۔ یہی تنوع عملے کو مقامی آبادی سے بہتر رابطہ قائم کرنے، ملکی اداروں کی استعداد بڑھانے، اور منظم جرائم، جنسی و صنفی بنیاد پر تشدد، سائبر جرائم اور ڈیجیٹل تشدد جیسے پیچیدہ خطرات سے موثر طور پر نمٹنے کے قابل بناتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت جب وسائل محدود ہیں، اس اجلاس کا انعقاد یہ حقیقت واضح کرنے کا ایک اہم موقع ہے کہ اقوام متحدہ کی پولیس پر کی جانے والی سرمایہ کاری دراصل پائیدار امن میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔

جامع مشاورتی عمل

یو این کاپس 2026 کا انعقاد 7 اور 8 جولائی کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ہو گا۔

اس موقع پر رکن ممالک، بین الاقوامی و علاقائی تنظیموں، یونیورسٹیوں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ ایک جامع مشاورتی عمل بھی شروع کیا جائے گا جس کا مقصد اقوام متحدہ کی پولیس کے لیے ایک نئے تصور کی تشکیل ہے۔

اس مشاورتی عمل کے ذریعے یقینی بنایا جائے گا کہ اقوام متحدہ کی پولیس بدلتے ہوئے حالات اور امن کارروائیوں کی نئی ضروریات کے مطابق موثر، عوامی ضروریات پر مرکوز اور کثیرالمقاصد رہے جبکہ تنازعات کی روک تھام اور پائیدار امن کے فروغ میں اس کے کردار کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔