انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ایران جنگ: مشرق وسطیٰ میں کشیدگی خطے اور دنیا کے لیے تباہ کن، یو این

چیمبر میں UN سلامتی کونسل کے اجلاس کا وسیع منظر۔
UN Photo/Eskinder Debebe مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کا ایک وسیع منظر۔

ایران جنگ: مشرق وسطیٰ میں کشیدگی خطے اور دنیا کے لیے تباہ کن، یو این

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا گیا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ میں دوبارہ بڑے پیمانے پر عسکری کشیدگی شروع ہوئی تو خطے کے عوام، عالمی امن و سلامتی اور معیشت پر اس کے تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔

امور امن سازی کے لیے اقوام متحدہ کی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل الزبتھ سپیہر نے کونسل کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر نیا حملہ، ہر دفاعی کارروائی اور سمندر میں پیش آنے والا ہر نیا واقعہ غلط اندازے اور کسی بڑے تصادم کے خطرے میں اضافہ کر رہا ہے۔ 25 جون کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے سنگاپور کے پرچم بردار تجارتی بحری جہاز پر ایران نے ڈرون حملہ کیا جس کے بعد امریکہ اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے کیے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات پر تمام حملے قابل مذمت ہیں۔ رہائشی علاقوں، بندرگاہوں، توانائی کی تنصیبات، تجارتی جہازوں اور عملے کا تحفظ بہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔

سلامتی کونسل کا یہ اجلاس بحرین کی درخواست پر بلایا گیا جس کا مقصد ایران کی جانب سے بحرینی سرزمین پر حالیہ حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کرنا تھا۔ 

کشیدگی روکنے کا خیرمقدم

الزبتھ سپیہر نے کہا کہ سیکرٹری جنرل امریکہ اور ایران کی جانب سے مشترکہ طور پر کشیدگی کم کرنے اور تحمل سے کام لینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اس سے امید پیدا ہوئی ہے کہ مذاکرات اور سفارت کاری کا عمل دوبارہ آگے بڑھ سکے گا۔ اقوام متحدہ آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت یقینی بنانے کے لیے جاری مشاورت کو حوصلہ افزا سمجھتا ہے۔

انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوبارہ آغاز کا خیرمقدم بھی کیا اور دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ 17 جون کو طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ قطر، پاکستان، اومان اور دیگر ممالک کی سفارتی کوششیں اس بحران کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہیں اور باہمی رابطے، تعمیری مکالمے اور سفارت کاری ہی موجودہ صورتحال سے نکلنے کا موثر راستہ ہیں۔ لہٰذا فریقین ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے جنگ بندی کو نقصان پہنچے یا سفارتی حل کی راہ میں رکاوٹ آئے۔ 

ایران کی باز پرسی کی جائے: بحرین 

بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے ملک پر ایران کے مسلسل حملوں کے خلاف واضح اور سخت مؤقف اختیار کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے بحرین کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کا سامنا کرنا پڑا جن میں شہری آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملے 17 جون کو امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے باوجود جاری رہے حالانکہ اس معاہدے میں تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں روکنے کی شق بھی شامل تھی۔ ان حملوں میں پانی صاف کرنے کے کارخانوں، صنعتی مراکز اور رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ 

سفیرنے کونسل سے کہا کہ وہ ایران کو فوری طور پر یہ کارروائیاں روکنے کا پابند بنائے، اور سلامتی کونسل کی قرارداد 2817 (2026) پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرے۔ 

امریکہ اور اسرائیل جوابدہ: ایران

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل ان جارحانہ جنگوں کے تمام نتائج کے مکمل طور پر ذمہ دار ہیں اور انہیں اپنے اقدامات کا حساب دینا ہو گا۔ امریکہ نے 8 اپریل کو اعلان کردہ جنگ بندی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت اپنے وعدوں کی بارہا خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نشانہ بنایا جس کے بعد ایران نے اقوام متحدہ کے منشور کی شق 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ مفاہمتی یادداشت کے تحت آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے انتظام، اسے کھلا رکھنے اور بارودی سرنگوں کی صفائی سمیت تمام متعلقہ امور کی مکمل ذمہ داری صرف ایران پر عائد ہوتی ہے۔

ایران کے سفیر کا کہنا تھا کہ خلیجی خطے میں امریکہ کے فوجی اڈوں کی موجودگی اور بیرونی مداخلت صرف عدم استحکام اور بدامنی کو جنم دے گی۔

مفاہمتی یاداشت پر عمل کیا جائے: روس 

اقوام متحدہ میں روس کی نائب مستقل سفیر اینا یاستاگنئیوا نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی بنیادی وجہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت ہے جو نہ صرف ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس نے خطے کے دیگر ممالک کی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ سفارتی ذرائع ہی اس بحران کا واحد حل ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اس نہایت حساس اور فیصلہ کن مرحلے پر امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت پر عملدرآمد یقینی بنانا اور لبنان سمیت پورے مشرق وسطیٰ میں کسی بھی نئے تنازع کو روکنا انتہائی ضروری ہے۔

ایران دنیا کو سزا دینا چاہتا ہے: امریکہ

اقوام متحدہ میں امریکہ کے مستقل سفیر مائیک والٹز نے کہا کہ خلیجی ممالک پر ایران کے حملے دانستہ، منظم اور بدنیتی پر مبنی تھے۔ اگر ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل تھا تو وہ امریکی فوجی اڈوں یا اسرائیل کو نشانہ بنا سکتا تھا لیکن اس نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو متاثر کیا جس کے طویل المدتی اثرات ہوں گے۔ اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت و ترقی (انکٹاڈ) کے مطابق 61 ترقی پذیر ممالک اس صورتحال سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ایران دنیا کو سزا دینا چاہتا ہے لیکن اسے عالمی معیشت کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ایرانی ریاست اور عوام کے لیے ایک حقیقی اور مثبت موقع موجود ہے لیکن صدر ٹرمپ کا صبر لامحدود نہیں۔ دنیا اس صورتحال کا مزید بوجھ برداشت نہیں کر سکتی۔

فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں: چین

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل سفیر فو کانگ نے کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک تمام فریقین سے اپیل کرتا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، اشتعال انگیز بیانات اور عسکری مہم جوئی سے گریز کریں تاکہ پہلے سے کشیدہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔

انہوں نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز میں معمول کی بحری آمدورفت جلد از جلد بحال کی جائے اور خطے کے ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنایا جائے۔ مشرق وسطیٰ اور خصوصاً خلیجی خطہ دوبارہ بڑی طاقتوں کی کشمکش کا میدان یا جغرافیائی سیاسی کھیل کا شکار نہیں بننا چاہیے۔

فریقین مذاکرات پر متفق: پاکستان

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل سفیر عاصم افتخار احمد نے کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت سفارت کاری کی بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان اس معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے فریقین کے ساتھ اپنی سفارتی کوششیں مزید تیز کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز پاکستان اور قطر نے دوحہ میں امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں کے ساتھ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں فریقین نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

برطانیہ، کویت، یونان اور پانامہ کے سفیروں نے بھی کونسل سے خطاب کیا۔