جنگوں اور موسمیاتی آفات سے کروڑوں بچوں کی تعلیم متاثر، رپورٹ
بحران زدہ علاقوں میں فروغ تعلیم کے اقوام متحدہ کے زیراہتمام قائم کردہ عالمی فنڈ 'ایجوکیشن کین ناٹ ویٹ (ای سی ڈبلیو) نے بتایا ہے کہ دنیا بھر میں تنازعات، جبری نقل مکانی اور موسمیاتی آفات کے باعث 25 کروڑ 80 لاکھ بچوں اور نوجوانوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔
بحرانوں میں بچوں کے تعلیمی نقصان کے موضوع پر فنڈ کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں لاکھوں بچوں کے کئی تعلیمی سال ضائع ہو سکتے ہیں اور ان کے مستقبل کے مواقع کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا احتمال ہے۔
یہ رپورٹ دنیا کی انتہائی غیرمحفوظ اور بحران زدہ آبادیوں میں بڑھتے ہوئے تعلیمی بحران کی جامع تصویر پیش کرتی ہے جس کے مطابق، متاثرہ بچوں میں سے تقریباً 9 کروڑ 30 لاکھ بچے سرے سے سکول نہیں جاتے۔ مزید لاکھوں بچے ایسے مشکل حالات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو ان کی تعلیمی ترقی کو متاثر کرتے ہیں اور بالآخر ان کے سکول چھوڑنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ بہت سے بچوں کے لیے اب صرف کمرہ جماعت میں موجودگی اس بات کی ضمانت نہیں کہ انہیں واقعی معیاری تعلیم مل رہی ہے۔
بنیادی علمی مہارتوں سے محرومی
'ای سی ڈبلیو' کے ایک جائزے سے سامنے آیا ہے کہ انتہائی سنگین بحرانوں کا شکار 20 علاقوں میں رہنے والے 18 کروڑ 20 لاکھ بچوں میں سے 7 کروڑ 40 لاکھ سکول سے باہر ہیں۔ یہ تعداد جائزے میں شامل تمام بحران زدہ اور سکول سے محروم بچوں کا تقریباً 80 فیصد ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تعلیمی محرومی صرف سکول تک رسائی نہ ہونے کا نام نہیں۔ بہت سے بحران زدہ علاقوں میں بچے ابتدائی جماعتوں میں ہی بنیادی تعلیمی مہارتوں سے محروم رہ جاتے ہیں اور بعد میں اس خلا کو پورا نہیں کر پاتے۔
بعض علاقوں میں ابتدائی تعلیمی درجات کے صرف 10 فیصد سے بھی کم بچے پڑھنے کی بنیادی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وقت کے ساتھ یہ تعلیمی خلا مزید بڑھتا جاتا ہے اور آخرکار بچوں کے سکول میں برقرار رہنے کی راہ میں رکاوٹ بن جاتا ہے۔
نقل مکانی اور تعلیمی مشکلات
نقل مکانی پر مجبور ہونے والے بچوں کو تعلیم کے میدان میں سب سے زیادہ مسائل درپیش ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، بے گھر بچوں کی اگلی جماعت میں ترقی کی شرح کم ہوتی ہے اور ان کی تعلیمی پیش رفت سست رہتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، لڑکیوں، مہاجر بچوں اور جسمانی معذوری کے ساتھ زندگی گزارنے والے بچوں کو تعلیم جاری رکھنے میں غیر متناسب حد تک زیادہ رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تنازعات اور مسلح جھڑپیں تعلیمی نقصان کو مزید شدید اور طویل المدتی بنا دیتی ہیں۔
تنازعات سے متاثرہ ممالک میں صرف 30 فیصد بچے چھٹی جماعت میں پہنچنے تک پڑھنے کے حوالے سے مطلوبہ سطح کی مہارت حاصل کر پاتے ہیں۔ سماجی و معاشی بحرانوں سے متاثرہ ممالک میں یہ شرح 47 فیصد ہے جو قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک میں 63 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شدید مشکلات کے باوجود بہت سے خاندان تعلیم کی اہمیت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ مالی مشکلات اور تنازعات کے باعث سکولوں کا بند ہونا سکول چھوڑنے کے تقریباً 80 فیصد واقعات کی بنیادی وجوہات ہیں۔
تعلیم میں سرمایہ کاری، مستقبل کا تحفظ
'ای سی ڈبلیو' کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر میسا جلبوت نے کہا ہے کہ بحران زدہ حالات میں تعلیم کے لیے معاونت ایک ایسی انشورنس پالیسی ہے جس کی خاندانوں، حکومتوں اور امدادی اداروں کو اشد ضرورت ہے تاکہ وہ تعلیم اور معاشی مواقع میں اپنی طویل مدتی سرمایہ کاری کا تحفظ کر سکیں۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ جنگیں اور موسمیاتی تبدیلی کئی برسوں کی تعلیمی پیش رفت کو الٹ رہی ہیں اور اگر فوری سرمایہ کاری نہ کی گئی تو یہ تعلیمی نقصانات مستقل شکل اختیار کر سکتے ہیں۔
'ای سی ڈبلیو' نے اپنے قیام سے اب تک ایک کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ بحران زدہ بچوں کو تعلیمی مدد پہنچائی ہے جبکہ 2030 تک مزید ایک کروڑ بچوں کو تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔