لبنان پر تازہ اسرائیلی حملے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور قابل مذمت، گوتیرش
امن اور سلامتی
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے جنگ بندی کے باوجود لبنان کے دارالحکومت بیروت پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے فریقین سے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کو کہا ہے۔
سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ یہ حملے ایسے وقت کیے گئے ہیں جب امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے تک پہنچنے کی توقع ہے جس سے تنازع کے پرامن حل کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
سیکرٹری جنرل کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کا تنازع عالمی معیشت کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے جسے روکنے کے لیے سنجیدہ کوششیں ہونی چاہئیں۔
انتونیو گوتیرش نے امید ظاہر کی ہے کہ پائیدار جنگ بندی کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔