یوکرین جنگ: روسی حملوں میں شہریوں کی ریکارڈ تعداد ہلاک
یوکرین کی جنگ میں گزشتہ ماہ 274 شہری ہلاک اور 1,763 زخمی ہوئے جو چار سال میں شہریوں کا سب سے بڑا نقصان ہے جبکہ یہ تعداد مئی 2025 کے مقابلے میں 93 فیصد اور اپریل 2026 سے 23 فیصد زیادہ ہے۔
ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کے نگران مشن (ایچ آر ایم ایم یو) کی سربراہ ڈینیئل بیل نے بتایا ہے کہ روس کی جانب سے شہری آبادی میں طاقتور ہتھیاروں کے استعمال سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل اور ڈرون مجموعی شہری جانی نقصان کے 45 فیصد کے ذمہ دار تھے۔ ایسے بیشتر حملے محاذ جنگ سے دور واقع شہری مراکز میں ہوئے۔
5 مئی کو ژاپوریژیا شہر کے ایک صنعتی علاقے پر فضائی بمباری کے نتیجے میں 12 شہری ہلاک اور 42 زخمی ہوئے۔ 14 مئی کو دارالحکومت کیئو میں ایک رہائشی عمارت پر میزائل حملے میں 24 شہری ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔ اگرچہ زیادہ تر شہری نقصان یوکرینی حکومت کے زیر انتظام علاقوں میں ہوا جن میں 20 صوبے اور دارالحکومت کیئو شامل ہیں، تاہم روسی قبضے والے علاقوں میں بھی شہریوں کے ہلاک و زخمی ہونے کے واقعات کی تصدیق ہوئی ہے۔
ایک واقعے میں 21 اور 22 مئی کی درمیانی شب مقبوضہ صوبہ لوہانسک کے شہر سٹاروبلسک میں تعلیمی ادارے کی عمارت پر ایک سے زیادہ حملوں کے نتیجے میں 21 شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ڈرون حملوں سے تباہی
محاذ جنگ کے قریبی علاقوں میں شہری جانی نقصان کی سب سے بڑی وجہ قلیل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون تھے۔ مئی میں ان حملوں کے نتیجے میں کم از کم 64 شہری ہلاک اور 539 زخمی ہوئے۔
24 فروری 2022 کو روس کی جانب سے یوکرین پر مکمل حملے کے آغاز کے بعد سے یہ ان ہتھیاروں کے نتیجے میں ایک مہینے کے دوران ہونے والا سب سے بڑا شہری جانی نقصان ہے۔
محاذِ جنگ کے قریب دیگر شہری نقصانات فضائی بمباری، توپ خانے کی گولہ باری، راکٹ حملوں اور بارودی سرنگوں یا اَن پھٹے گولہ بارود سے پیش آنے والے واقعات کے نتیجے میں ہوئے۔ روسی حکام نے مئی میں اپنے علاقوں میں 47 شہریوں کی ہلاکت اور 298 کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔