انسانی کہانیاں عالمی تناظر

عالمی یوم ماحول: دنیا میں بڑھتی حدت فوری قابو میں لانا ضروری، گوتیرش

ہوائی جہاز کی کھڑکی سے بادلوں کے سمندر پر غروب آفتاب کا منظر۔
©Unsplash /Nikola Ancevski گزشتہ گیارہ سال ریکارڈ پر مسلسل گرم ترین سال تھے۔

عالمی یوم ماحول: دنیا میں بڑھتی حدت فوری قابو میں لانا ضروری، گوتیرش

موسم اور ماحول

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ انسانیت اور کرہ ارض کے تحفظ کی خاطر عالمی حدت میں اضافے کو کم سے کم اور مختصر عرصہ تک محدود رکھنا لازم ہے۔

سیکرٹری جنرل نے عالمی یوم ماحولیات پر اپنے پیغام میں خبردار کیا ہے کہ زمین کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے نتیجے میں فضائی آلودگی سے لے کر ارضی انحطاط، ماحولیاتی نظام کی تباہی اور حیاتیاتی تنوع کے خاتمے تک بہت سے خطرات سامنے آ رہے ہیں۔

Tweet URL

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 11 سال اب تک کے ریکارڈ پر تاریخ کا گرم ترین عرصہ تھا۔ دنیا عالمی حدت میں عارضی طور پر 1.5 ڈگری سے زیادہ اضافے کی جانب بڑھ رہی ہے۔ اس حدت کا نتیجہ صحت کے نقصان، گھروں کی تباہی اور شدت اختیار کرتی بھوک کی صورت میں دکھائی دے رہا ہے۔ 

ارضی درجہ حرارت میں ایک ڈگری کے معمولی حصے کا اضافہ بھی بہت زیادہ نقصان پہنچاتا ہے جس سے انتہائی کمزور لوگ بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔

قابل تجدید توانائی واحد راستہ

سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے نمٹنے اور تحفظ ماحول کے لیے کاربن کے اخراج کو کم کرنا ہو گا اورمعدنی ایندھن سے قابل تجدید توانائی کی جانب منصفانہ منتقلی کی رفتار میں تیزی لانا ہو گی۔ یہی توانائی کی قیمتوں میں کمی لانے اور اس کے تحفظ کی جانب واحد پائیدار راستہ ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ میتھین کے اخراج میں کمی لانا قلیل مدتی طور پر حدت کو کم کرنے کا ایک تیز ترین اور سستا ترین راستہ ہے۔ دنیا کو جنگلات، زمین اور سمندروں کا تحفظ کرنا ہو گا اور آبادیوں کو پہلے سے موجودہ تباہ کن موسمیاتی اثرات سے مطابقت پیدا کرنے میں مدد دینا ہو گی۔

فوری عمل کی ضرورت

اس کا مطلب ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی مالیات کے وعدوں کی تکمیل بھی ہے تاکہ زندگیوں کی حفاظت ہو، روزگار کو تحفظ ملے اور معیشتیں مضبوطی پائیں۔

سیکرٹری جنرل نے واضح کیا ہے کہ یہ کرہ ارض کے ماحول اور انسانیت کے مستقبل کے لیے عملی قدم اٹھانے کا وقت ہے اور اس میں تاخیر کی گنجائش نہیں۔