پرعزم پاکستان: نوجوانوں کی تعلیم سے روزگار تک منتقلی کا پروگرام شروع
اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ اطفال (یونیسف) کے تعاون سے پاکستان میں نوجوانوں کو ہنر، کاروبار اور معاشی امکانات تک بہتر رسائی فراہم کرنے کا اقدام شروع کیا گیا ہے جس سے تعلیم، مہارتوں اور روزگار کے مواقع کو باہم جوڑنے اور لاکھوں افراد کو بامعنی ترقی اور خوشحالی کے حصول میں مدد ملے گی۔
حکومت پاکستان کے وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) کے تحت یونیسف اور اس کی قیادت میں جاری عالمگیر شراکتی اقدام 'جنریشن اَن لمیٹڈ' (جین یو) کے اشتراک سے شروع کردہ 'پرعزم پاکستان' نامی اس پروگرام کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو تعلیم سے روزگار تک کامیاب منتقلی کے قابل بنایا جائے گا اور مستقبل میں ملک کی ترقی و خوشحالی میں ان کے موثر کردار کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
اسلام آباد میں اس اقدام کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پاکستان میں یونیسف کی نمائندہ پرنیل آئرن سائیڈ نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک تاریخی موقع ہے کہ وہ اپنے نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر تعلیم سے روزگار تک موثر راستے فراہم کر کے ملکی آبادی کو ایک مضبوط معاشی قوت میں تبدیل کر سکتا ہے۔ 'پرعزم پاکستان' اس سمت میں ایک انقلابی قدم ہے، جو ایسے نظام اور شراکتوں کی بنیاد رکھے گا جو تمام نوجوانوں، بالخصوص مشکل حالات کا سامنا کرنے والوں کے لیے ہنر اور معاشی مواقع کو وسعت دیں گے۔
لڑکیوں اور غریب نوجوانوں پر توجہ
پاکستان کا شمار دنیا کے ایسے ممالک میں ہوتا ہے جہاں نوجوان مجموعی آبادی کا غالب حصہ ہیں۔ ملک میں تقریباً 67 فیصد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے۔ تاہم، اندازاً تین کروڑ 20 لاکھ نوجوان ایسے ہیں جو نہ تو تعلیم حاصل کر رہے ہیں، نہ روزگار سے وابستہ ہیں اور نہ ہی کسی تربیتی پروگرام کا حصہ ہیں۔
'پرعزم پاکستان' اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکومت، نجی شعبے، ترقیاتی شراکت داروں اور نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا رہا ہے۔ اس سلسلے میں لڑکیوں اور غریب طبقات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں پر خاص توجہ دی جائے گی۔
اس موقع پر 'وزیراعظم یوتھ پروگرام' کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ 'پرعزم پاکستان' دراصل اس عزم کا اظہار ہے کہ ہر نوجوان کو آگے بڑھنے کے بامعنی مواقع میسر آئیں تاکہ وہ قومی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے۔
کاروباری اداروں کی شراکت
اس موقع پر 'فرینڈز آف جین یو پاکستان' کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا جو ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کے تحت کاروباری ادارے پاکستان کے نوجوانوں کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے لیے یکجا ہوں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 'جین یو' کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیون فری نے کہا کہ 'پرعزم پاکستان اور فرینڈز آف جین یو پاکستان' اس بات کی بہترین مثال ہیں کہ حکومت، کاروباری ادارے اور نوجوان مل کر ہنر مندی، کاروبار اور روزگار کے فروغ کے لیے ایک قابل توسیع نمونہ تشکیل دے سکتے ہیں۔
اس موقع پر 'لرن ٹو اَرن مارکیٹ پلیس' نامی نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں ملک بھر سے نوجوانوں کی کاروباری سرگرمیوں کا تعارف، اختراعات اور کاروباری مسائل کے حل پیش کیے گئے۔ اس نمائش نے نوجوانوں کی صلاحیتوں، تخلیقی سوچ اور امکانات کو اجاگر کیا۔
تقریب میں 'عزم اور مواقع کا جوڑ' کے عنوان سے ایک اعلیٰ سطحی مکالمہ بھی منعقد ہوا جس میں پالیسی سازوں، نجی شعبے کے نمائندوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس بات چیت میں ڈیجیٹل روزگار، ماحول دوست معیشت کے مواقع، مہارتوں کے نظام میں اصلاحات اور کاروباری ترقی کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔