انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این 80: اقوام متحدہ میں اصلاحات کا پروگرام اہم دور میں داخل

نیویارک میں United Nations ہیڈ کوارٹر کے سامنے ایک دھوپ والے دن بین الاقوامی جھنڈوں کی ایک قطار جھنڈیوں پر اڑ رہی ہے۔
UN Photo/Mark Garten نیو یارک میں اقوام متحدہ کا صدر دفتر۔

یو این 80: اقوام متحدہ میں اصلاحات کا پروگرام اہم دور میں داخل

اقوام متحدہ کے امور

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ادارے میں وسیع تر اصلاحات اور تنظیم نو کے منصوبے 'یو این 80' پر اب تک ہونے والے کام کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے ہر فیصلے، ہر ذمہ داری اور ہر ڈالر کو لوگوں اور زمین کے لیے زیادہ سے زیادہ موثر بنایا جائے گا۔

'یو این 80' کے حوالے سے تازہ ترین جائزہ رپورٹ کے اجرا پر سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے اقوام متحدہ میں اصلاحات ناگزیر ہیں کیونکہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے مقابل بے عملی انسانی مصائب میں مزید اضافہ کرے گی۔ ایسے وقت یہ منصوبہ اور بھی اہم ہو جاتا ہے جب عالمی ضروریات بڑھ رہی ہیں جبکہ وسائل محدود ہوتے جا رہے ہیں۔

Tweet URL

انہوں نے بتایا ہے کہ اب یہ منصوبہ فیصلہ سازی اور عملی نفاذ کے ایک نہایت اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

اصلاحاتی اقدامات

جائزہ رپورٹ کے مطابق، کارکردگی بہتر بنانے، ذمہ داریوں کے نفاذ کا جائزہ لینے اور اقوام متحدہ کے داخلی ڈھانچے میں تبدیلیوں پر غور کرنے کے لیے کئی اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ اور دیگر اداروں میں انتظامی عمل کو ہموار بنانے کے لیے پہلے ہی کام جاری ہے جس میں کام کی تکرار کو کم کرنا اور باہمی رابطہ بہتر بنانا شامل ہے۔ یہ کوششیں ادارے کے کام کرنے کے انداز کو جدید بنانے کی وسیع تر مہم کا حصہ ہیں۔

اس منصوبے کا مقصد انتظامی طریقہ کار کو آسان بنانا اور ادارے کے نظام میں خدمات کو مضبوط کرنا بھی ہے تاکہ رکن ممالک کو تیز تر اور کم خرچ معاونت فراہم کی جا سکے۔

ذمہ داریاں اور جوابدہی

اقوام متحدہ میں اصلاحاتی عمل کا ایک اہم حصہ ان ذمہ داریوں سے متعلق ہے جو رکن ممالک اسے سونپتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، حکومتوں کے ساتھ مل کر شفافیت بڑھانے، رپورٹنگ کے بوجھ کو کم کرنے اور ذمہ داریوں کو دستیاب وسائل اور نتائج کے ساتھ بہتر انداز میں ہم آہنگ کرنے پر کام جاری ہے۔

چونکہ اقوام متحدہ کے کام کو چلانے کے لیے ہزاروں ذمہ داریاں موجود ہیں اس لیے ان کے جائزے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ وہ موجودہ حالات کے مطابق، مربوط اور قابل پیمائش نتائج کے حصول پر مرکوز رہیں۔

رکن ممالک کا کردار

اقوام متحدہ کے ڈھانچے میں مجوزہ تبدیلیاں مختلف محکموں اور اداروں کے درمیان زیادہ ہم آہنگی اور امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق سے متعلق شعبوں کے درمیان مضبوط تعاون سے متعلق ہیں۔

اس منصوبے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ الگ الگ کام کرنے کے بجائے زیادہ مربوط طریقہ کار اپنانے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ، معلومات کی فراہمی کے حوالے سے مشترکہ پلیٹ فارم اور بہتر رابطہ نظام جیسے نئے ذرائع بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

تاہم ادارے کے ڈھانچے میں کسی بھی تبدیلی کا حتمی فیصلہ رکن ممالک ہی کریں گے اور ترجیحات و نفاذ کے حوالے سے آخری اختیار انہی کے پاس ہو گا۔

سیکریٹری جنرل نے 'یو این 80' کو ایک جاری عمل قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ مستقل تعاون ہی اقوام متحدہ کے زیادہ مربوط اور موثر نظام کی تشکیل کا راستہ ہے۔ جب یہ منصوبہ آگے بڑھے گا تو اس کے مختلف پہلو مل کر ایک ایسا متحدہ نظام تشکیل دیں گے جو مزید مضبوط اور مربوط عالمی اقدامات کو ممکن بنائے گا۔

پیش رفت کی جھلکیاں

  • 2026 کے لیے سیکرٹریٹ کی اسامیوں میں 21 فیصد کمی لائی گئی ہے جبکہ عملے پر اس کے اثرات کو کم سے کم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
  • نیویارک میں سیکرٹریٹ کی 11 ٹیموں کو ضم کر کے ایک مشترکہ انتظامی پلیٹ فارم بنایا گیا ہے جو 6,000 اہلکاروں پر مشتمل ہو گا جبکہ مزید پانچ مراکز بھی اس میں شامل کیے جائیں گے۔
  • سپین کے شہر ویلنشیا میں ایک ڈیجیٹل مرکز شروع کیا جا رہا ہے تاکہ سیکریٹریٹ میں ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکے۔ 
  • سیکرٹریٹ کے 10 پے رول مراکز کو ضم کر کے ایک واحد ٹیم بنا دی گئی ہے۔ 
  • مہنگے مقامات سے سیکرٹریٹ کی 220 اسامیوں کی منتقلی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے پورے نظام میں تقریباً 1,900 مزید اسامیوں کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔ 
  • اعلیٰ سطحی عہدوں میں کمی کی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ 2028 کے بجٹ میں مزید کمی شامل ہو گی۔
  • نئے امدادی میثاق کے تحت آزمائشی منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے جس میں امدادی سامان کی ترسیل کے نظام کو یکجا کیا جا رہا ہے۔ یہ نظام مجموعی امدادی اخراجات کا 70 فیصد ہے۔ یہ منصوبہ افغانستان، ہیٹی، مقبوضہ فلسطینی علاقوں، صومالیہ اور سوڈان میں نافذ کیا جا رہا ہے۔
  • اقوام متحدہ کے نظام میں مشترکہ خدمات، ٹیکنالوجی اور معلومات کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر کام جاری ہے جس میں ایک متحدہ خدمات کا لائحہ عمل، مشترکہ معلوماتی نظام اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے رفتار بڑھانے کا پلیٹ فارم بھی شامل ہیں۔
  • مختلف ممالک میں اقوام متحدہ کی ٹیموں کی تنظیم نو کی جا رہی ہے، علاقائی انتظامات میں بہتری لائی جا رہی ہے اور رکن ممالک کو مدد تک آسان رسائی دینے کی کوششیں جاری ہیں۔
  • حقوق کے کام کو بہتر طور پر مربوط کرنے کے لیےانسانی حقوق گروپ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
  • جون میں متوقع امن کارروائیوں کے جائزے کی تیاری جاری ہے جس میں زیادہ سے زیادہ کثیرالمقاصد امن کاری کے لیے سفارشات پیش کی جائیں گی۔