کوئٹہ ٹرین دہشتگرد حملہ گھناؤنا، بزدلانہ اور قابل مذمت: سلامتی کونسل
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک مسافر ٹرین پر ہونے والے دہشتگردانہ حملے کو گھناؤنا اور بزدلانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
دہشت گردی کے اس خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 14 شہری ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ علیحدگی پسند گروہ بلوچستان لبریشن آرمی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ اس کی مجید بریگیڈ نے کیا۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے متاثرین کے خاندانوں اور پاکستان کی حکومت اور عوام سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی خواہش کی۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔
پاکستان کے ساتھ تعاون کی اپیل
سلامتی کونسل کے ارکان نے دہشتگردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے مرتکب افراد، منتظمین، مالی معاونت کرنے والوں اور سہولتکاروں کو جوابدہ ٹھہرانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق اس سلسلے میں حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کریں۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کی ہر کارروائی مجرمانہ اور بلاجواز ہے، چاہے اس کا محرک کچھ بھی ہو، جہاں بھی، جب بھی اور جس نے بھی کیا ہو۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے تحت بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون، بین الاقوامی پناہ گزینوں کے قانون اور بین الاقوامی انسانی ہمدردی کے قانون سمیت دیگر ذمہ داریوں کے مطابق تمام ریاستوں کو دہشتگردی کی کارروائیوں سے پیدا ہونے والے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
سیکرٹری جنرل کا اظہار ہمدردی
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے بھی پاکستان میں ٹرین کو بم دھماکے سے نشانہ بنائے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اپنی ہر صورت میں ناقابل قبول ہے اور اس حملے کے ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ اقوام متحدہ کی مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، اتوار کو صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک مسافر بردار ٹرین کو بارود سے بھری کار کی مدد سے خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں انجن اور متعدد بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں۔
ہلاک ہونے والوں میں اکثریت راہگیروں سمیت عام شہریوں، ٹرین مسافروں اور دھماکے کی جگہ کے قریب واقع گھروں کے مکینوں پر مشتمل ہے جبکہ سکیورٹی فورسز کے تین اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔