پاکستان: یو این چیف کی کوئٹہ ٹرین حملے کی کڑی مذمت
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے پاکستان میں ٹرین کو بم دھماکے سے نشانہ بنائے جانے کی سخت مذمت کی ہے جس میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے ہیں۔
سیکرٹری جنرل نے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اپنی ہر صورت میں ناقابل قبول ہے اور اس حملے کے ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ اقوام متحدہ کی مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، اتوار کو صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک مسافر بردار ٹرین کو بارود سے بھری کار کی مدد سے خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں انجن اور متعدد بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں۔
ہلاک ہونے والوں میں اکثریت راہگیروں سمیت عام شہریوں، ٹرین مسافروں اور دھماکے کی جگہ کے قریب واقع گھروں کے مکینوں پر مشتمل ہے جبکہ سکیورٹی فورسز کے تین اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔