انسانی کہانیاں عالمی تناظر

غزہ: ادویات پر پابندیوں کے دوران بیماریوں اور ہلاکتوں میں اضافہ

غزہ میں ایک کارکن مکمل سفید حفاظتی سوٹ اور نارنجی رنگ کی لائف جیکٹ میں نیلے رنگ کے بیک پیک اسپریٹر سے کیڑے مار ادویات تباہ شدہ گاڑیوں اور کچرے کے ڈھیر پر چھڑک رہا ہے۔
UN News اقوام متحدہ کا ادارہ یو این ڈی پی اپنے شراکت داروں سے مل کر غزہ میں گندگی کے ڈھیروں پر جراثیم کش ادویات کا سپرے کرنے میں مصروف ہے۔

غزہ: ادویات پر پابندیوں کے دوران بیماریوں اور ہلاکتوں میں اضافہ

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے امدادی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں جاری تشدد، گندگی اور متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کے باعث پیدا ہونے والی ابتر صورتحال کو ضروری طبی سامان پر پابندیوں نے مزید سنگین بنا دیا ہے۔

تباہ حال غزہ کے دورے سے حال ہی میں واپس آنے والی عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی نمائندہ ڈاکٹر رینی وان ڈی ورٹ نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ اکتوبر 2025 میں اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ بندی کے بعد بھی غزہ میں کم از کم 880 افراد ہلاک اور 2600 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ اس عرصہ کے دوران گولہ باری میں شاید کچھ کمی آئی ہو لیکن تشدد اب بھی جاری ہے۔

Tweet URL

امسال علاقے میں صحت کے شعبے پر 22 حملے رپورٹ ہو چکے ہیں جہاں صرف نصف ہسپتال ہی جزوی طور پر فعال ہیں۔ ان طبی مراکز کے صحیح طور پر کام نہ کرنے کی ایک بڑی وجہ ضروری سامان کی شدید کمی ہے۔ یہ سامان اور آلات غزہ کی سرحد پر پڑے ہیں جنہیں علاقے میں لانے کی اجازت نہیں ہے۔ صحت و صفائی کے ناقص انتظام سے علاقے میں بیماریاں پھیل رہی ہیں جبکہ لوگوں کو علاج تک رسائی میں ناقابل بیان مشکلات درپیش ہیں۔

معذور افراد کی مشکلات

انہوں نے کہا ہے کہ غزہ کے حالات ویسے ہی ہیں جیسا کہ ہنٹا اور ایبولا وائرس جیسی بیماریوں سے متاثرہ جگہوں پر ہو سکتے ہیں۔ غزہ میں ایسے آلات کی ضرورت ہے جو جانیں بچانے، بیماریوں کا سراغ لگانے اور ممکنہ وباؤں سے خبردار کرنے کے لیے لازمی ہیں۔

اسرائیلی قوانین کے تحت بعض اشیا کو دہرے استعمال کے قابل قرار دے کر سرحد پر روک دیا جاتا ہے لیکن عالمی سطح پر تسلیم شدہ ضروری ادویات اور طبی سامان پر بھی یہی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔

مصنوعی اعضا کو بھی دہرے استعمال کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ غزہ میں تقریباً پانچ ہزار ایسے افراد ہیں جو اعضا کٹ جانے کے بعد مصنوعی اعضا کے منتظر ہیں جبکہ انہیں اس سے پہلے اصلاحی سرجری کی بھی ضرورت ہے تاکہ مصنوعی عضو درست طریقے سے لگایا جا سکے۔

فی الحال یہ سرجری غزہ میں ممکن نہیں اس لیے ان بدقسمت افراد کو غزہ سے باہر جانے کے لیے انتظار کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔

طبی بنیاد پر انخلا کی ضرورت

'ڈبلیو ایچ او' نے ہزاروں مریضوں کے طبی بنیاد پر غزہ سے انخلا کے انتظامات میں مقامی حکام کو مدد دی ہے تاکہ انہیں 30 سے زیادہ ممالک میں علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

ڈاکٹر ورٹ کے مطابق، فروری میں رفح کی سرحد دوبارہ کھلنے کے بعد یہ علاج کی غرض سے مصر کو منتقل ہونے کا اہم راستہ بن گیا ہے جبکہ کیریم شالوم کراسنگ کے ذریعے مریض ہفتے میں ایک مرتبہ ایک طویل اور پیچیدہ عمل کے بعد اردن جا سکتے ہیں۔

طبی انخلا کے عمل میں مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عموماً خاندان کے ایک یا دو افراد کو مریض ساتھ جانے کی اجازت ملتی ہے، اور واپسی کی ضمانت بھی ہمیشہ موجود نہیں ہوتی۔

'انروا' کا بے بدل کردار

غزہ میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے اہم ترین اداروں میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کا امدادی ادارہ (انروا) بھی شامل ہے۔ تاہم اسرائیلی پارلیمان کی جانب سے عائد پابندیوں نے اس کے کام کو شدید متاثر کیا ہے۔

'انروا' میں شعبہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اکی ہیرو سیتا نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ سال ادارے نے غزہ میں 45 لاکھ طبی مشورے اور معائنے فراہم کیے جو مجموعی طبی خدمات کا تقریباً 40 فیصد ہیں۔

ڈاکٹر سیتا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی پارلیمان کے 'انروا' مخالف قوانین کے باعث ادارہ غزہ اور مغربی کنارے میں ادویات نہیں پہنچا پا رہا جبکہ رواں سال مشرقی یروشلم میں اس کے دو طبی مراکز بھی بند ہو گئے جہاں ہر سال تقریباً 11 ہزار مریضوں کا علاج ہوتا تھا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ غزہ جنگ کے دوران ادارے کے تقریباً 400 کارکن ہلاک ہوئے جبکہ ہزاروں آج بھی نہایت کٹھن حالات میں غزہ کے عوام کی مدد کر رہے ہیں۔ ایسے بہت سے کارکن اب بھی خیموں میں زندگی گزار رہے ہیں۔ 

ڈاکٹر سیتا کا کہنا تھا کہ وہ ایک کارکن کی بات کبھی نہیں بھول سکتے جس کا کہنا تھا کہ اسے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وہ دنیا کھے لیے یتیم ہے۔ ان لوگوں کی کوئی پروا نہیں کرتا اور یوں لگتا ہے جیسے سبھی انہیں بھول گئے ہیں۔