میزبان ممالک افغان مہاجرین کی جبری بیدخلی بند کریں، وولکر ترک
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے خبردار کیا ہے کہ افغان مہاجرین اور پناہ کے متلاشی افراد کی ان کے میزبان ممالک سے جبری واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے جو بین الاقوامی انسانی حقوق اور مہاجرین سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ افغان خواتین، بچے اور مرد ان ممالک سے نکالے جا رہے ہیں جہاں انہوں نے تحفظ کی خاطر پناہ لی تھی۔ انہیں ان کی مرضی کے خلاف افغانستان واپس بھیجا جا رہا ہے، جہاں انہیں سنگین خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کے مطابق، سال کے آغاز سے اب تک تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار افغانوں کو ایران اور پاکستان سے افغانستان واپس بھیجا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ ترکیہ اور تاجکستان سے بھی کچھ افغانوں کی واپسی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
یہ تعداد گزشتہ سال ایران سے بے دخل کیے گئے 12 لاکھ سے زیادہ اور پاکستان سے واپس بھیجے گئے ڈیڑھ لاکھ افغانوں کے علاوہ ہے۔
'کوئی جگہ محفوظ نہیں'
گزشتہ برس افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے معاون مشن (یوناما) اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) کی مشترکہ رپورٹ بعنوان 'کوئی جگہ محفوظ نہیں'میں انکشاف کیا گیا تھا کہ افغانستان واپس بھیجے گئے متعدد افراد کو وہاں طالبان حکام کی جانب سے ناجائز گرفتاریوں، تشدد اور ناروا سلوک سمیت حقوق کی پامالیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
افغان خواتین اور لڑکیاں، سابق حکومت اور اس کی سکیورٹی فورسز سے وابستہ افراد، صحافی، سول سوسائٹی کے کارکنان اور 'ایل جی بی ٹی کیو آئی پلس' برادری کے افراد ان طبقات میں شامل ہیں جو اب بھی انتقامی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے شدید خطرے سے دوچار ہیں۔
ہائی کمشنر نے تمام ریاستوں پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کا احترام کریں اور افغانوں کو ایسے کسی اقدام سے بچائیں جو واپسی پر انہیں ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کر سکتا ہو۔
شہری ہلاکتوں کی بلند ترین شرح
یورپی یونین کے بعض رکن ممالک افغان شہریوں کی واپسی کے حوالے سے زیادہ مربوط پالیسی پر زور دے رہے ہیں۔ وولکر ترک نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی ہے کہ افغانستان میں انسانی حقوق کی خراب صورتحال کے باوجود یورپ کے بعض ممالک اب افغانوں کی بے دخلی دوبارہ شروع کر رہے ہیں یا اس پر غور کر رہے ہیں۔
ہائی کمشنر نے خبردار کیا ہے کہ انسانی حقوق کی نہایت سنگین صورتحال کے علاوہ افغانستان اس وقت شدید انسانی بحران اور سرحد پار بدامنی کا شکار بھی ہے۔ طالبان کی موجودہ حکومت میں خاص طور پر گزشتہ سال اکتوبر سے رواں سال کی پہلی سہ ماہی تک عام شہریوں کی ہلاکتوں کی سب سے زیادہ شرح ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی جھڑپیں اور کشیدگی ہیں۔