بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے 71 کروڑ ڈالر امداد کی اپیل
اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں نے بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا پناہ گزینوں اور ان کی میزبان آبادیوں کو ضروری امداد دینے کے لیے عالمی برادری اور عطیہ دہندگان سے 71 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
یہ اپیل ایسے وقت سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی بے یقینی اور انسانی بحرانوں کے دباؤ نے امدادی سرگرمیوں کو محدود کر دیا ہے اور کمزور طبقات کے لیے بنیادی خدمات خطرے میں پڑ گئی ہیں۔
میانمار میں نسلی بنیاد پر ہونے والے تشدد سے جان بچا کر آنے والے تقریباً 12 لاکھ روہنگیا پناہ گزین بنگلہ دیش میں مقیم ہیں۔ 2024 کے آغاز سے اب تک تقریباً ڈیڑھ لاکھ مزید مہاجرین بنگلہ دیش میں آئے ہیں جس سے محدود انسانی وسائل پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ اقوام متحدہ اور شراکت داروں کے مشترکہ امدادی منصوبے (جے آر پی) کے تحت 15 لاکھ 60 ہزار افراد تک امداد پہنچانے کا ہدف رکھا گیا ہے جنہیں ان وسائل میں انتہائی ضروری مدد ہی مل پائے گی۔
پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کی نائب ہائی کمشنر کیلی ٹی کلیمنٹس نے کہا ہے کہ جب تک روہنگیا پناہ گزین محفوظ طریقے سے میانمار واپس جا کر اپنے علاقوں میں دوبارہ آباد نہیں ہو جاتے اس وقت تک انہیں پناہ گاہوں میں تحفظ، نگہداشت اور باوقار زندگی فراہم کرنا ہوگی۔
انسانی امداد پر انحصار
2017 سے 2025 کے اختتام تک عالمی برادری نے روہنگیا بحران سے نمٹنے کے لیے تقریباً 5.42 ارب ڈالر کی انسانی امداد فراہم کی اور امریکہ سب سے بڑا عطیہ دہندہ رہا۔ اس معاونت کی بدولت بنگلہ دیش ان پناہ گزینوں کی ضروری مدد جاری رکھنے اور مہاجرین کی تعلیم، صحت اور تحفظ کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کرنے میں کامیاب ہوا۔
امدادی وسائل کی کمی اور ترقیاتی معاونت میں مسلسل گراوٹ کے باعث روہنگیا مہاجرین مسلسل امداد پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں۔ 2025 میں تقریباً 35 فیصد کیمپوں کے گھرانے مکمل طور پر غذائی امداد پر انحصار کر رہے تھے، 42 فیصد کے پاس صرف عارضی اور غیر مستحکم آمدنی کے ذرائع تھے جبکہ صرف 23 فیصد افراد کو کام کے عوض نقد مدد جیسی سرگرمیوں کے ذریعے آمدنی حاصل ہوئی۔
عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی)کی اسسٹنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر رانیہ داغش کمارا کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش نے اس نہایت کمزور آبادی کی میزبانی میں غیرمعمولی سخاوت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان لوگوں کی مدد کے لیے 'ڈبلیو ایف پی' اپنے اقدامات کو مسلسل بہتر بنا رہا ہے تاکہ کیمپوں میں حقیقی اور بدلتی ضروریات کے مطابق منصفانہ، موثر اور شفاف انداز میں امداد فراہم کی جا سکے۔
خواتین کے لیے اضافی خطرات
معاشی مواقع اور امداد میں کمی نے روہنگیا خاندانوں کو شدید متاثر کیا ہے اور یہ صورتحال نئے آنے والوں اور کمزور طبقات خصوصاً خواتین، لڑکیوں، معذور اور معمر افراد کے لیے کہیں زیادہ سنگین ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صنفی مساوات 'یو این ویمن' نائب ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیارادزائی گمبونزوانڈا نے کہا ہے کہ روہنگیا مہاجرین، خصوصاً خواتین اور لڑکیوں کی ضروریات اب بھی بے حد وسیع ہیں اور امدادی وسائل میں کمی کے اثرات کیمپوں میں روزمرہ زندگی کے ہر پہلو پر نمایاں ہونے لگے ہیں۔
نقل مکانی کے عمومی مسائل کے ساتھ خواتین اور لڑکیوں کو اضافی خطرات اور رکاوٹوں کا سامنا ہے جن پر مستقل توجہ دینا ضروری ہے۔ جامع، خواتین پر مرکوز، صنفی اعتبار سے حساس اور مناسب وسائل سے مزین امدادی اقدام ناگزیر ہے جو نہ صرف مہاجر آبادی کی مجموعی ضروریات پوری کرے بلکہ خواتین کے تحفظ، وقار، شمولیت اور صنفی تشدد سے بچاؤ کی فوری ضرورت کو بھی تسلیم کرے۔