انسانی کہانیاں عالمی تناظر

افغانستان: مبہم الزامات کے تحت صحافیوں کی حراست قابل تشویش، یو این

کابل، افغانستان کا ایک وسیع شہری منظر، جس میں ٹریفک سے بھری ایک مصروف شاہراہ دکھائی دے رہی ہے، جس کے ارد گرد عمارتیں ہیں اور بادلوں والے آسمان کے نیچے پس منظر میں ایک بڑا پہاڑ ہے۔
© Unsplash/Farid Ershad افغانستان کا دارالحکومت کابل۔

افغانستان: مبہم الزامات کے تحت صحافیوں کی حراست قابل تشویش، یو این

انسانی حقوق

افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یوناما) نے طالبان حکام کی جانب سے کم از کم تین صحافیوں کو غیر واضح الزامات کے تحت حراست میں لیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مشن نے تلاشی کی کارروائیوں کے دوران صحافیوں پر مبینہ حملوں اور ان کی املاک ضبط کیے جانے کی اطلاعات کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے حکام سے زیر حراست صحافیوں کے خلاف الزامات کی قانونی بنیاد کی وضاحت جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے صحافیوں کے خلاف الزامات سامنے لائے جائیں اور ہر طرح کے حالات میں ان افراد کے حقوق کا احترام یقینی بنایا جائے۔ 

یوناما کے مطابق، شفافیت، احتساب اور افغان معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے آزاد، خودمختار اور محفوظ صحافت ناگزیر اہمیت رکھتی ہے۔

مشن نے ملکی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور یقینی بنائیں کہ تمام صحافی خوف، ہراسانی یا انتقامی کارروائی کے خوف سے بے نیاز ہو کر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔