دنیا کے تین ارب افراد مناسب رہائش سے محروم، یو این ادارہ
امریکہ کے معروف اداکار رچرڈ گیئر نے اقوام متحدہ کے 13ویں عالمی شہری فورم سے قبل اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رہائش تمام حقوق تک رسائی کا دروازہ ہے جبکہ معیاری صحت، تعلیم اور مستحکم روزگار کے لیے محفوظ گھر کی موجودگی ضروری ہے۔
اقوام متحدہ کے آبادکاری پروگرام 'یو این ہیبیٹٹ' نے بتایا ہے کہ دنیا بھر میں تقریباً تین ارب افراد مناسب رہائش سے محروم ہیں جس کے باعث عالمی سطح پر بے گھری کا بحران انسانی حقوق کا ایک سنگین ترین مسئلہ بن گیا ہے۔ ایک ارب سے زیادہ لوگ کچی آبادیوں میں رہتے ہیں جبکہ دنیا کے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر دونوں خطوں میں 30 کروڑ سے زیادہ افراد بے گھر ہیں۔
افریقہ میں شہری رہائش کا 62 فیصد حصہ غیر رسمی (کچی) آبادیوں پر مشتمل ہے۔ ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں 50 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی تک رسائی میسر نہیں جبکہ ایک ارب سے زیادہ لوگ صفائی کی مناسب سہولیات سے محروم ہیں۔
عالمی شہری فورم
یہ مسئلہ آذربائیجان کے شہر باکو میں ہونے والے عالمی شہری فورم کے تیرہویں اجلاس میں مرکزی اہمیت کا حامل ہو گا۔ یہ فورم اقوام متحدہ کی جانب سے پائیدار شہری ترقی پر منعقد ہونے والی اہم ترین عالمی کانفرنس ہے۔
'دنیا کو رہائش کی فراہمی: محفوظ و مضبوط شہر اور لوگ' کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں حکومتوں کے نمائندے، سول سوسائٹی کے ارکان، شہری منصوبہ ساز، نجی شعبے اور نوجوانوں کے نمائندے شرکت کریں گے جہاں بڑھتے ہوئے رہائشی بحران کے حل پر غور کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق، بے گھری دراصل معاشروں کی جانب سے اپنے شہریوں کی بنیادی ضروریات پوری نہ کرنے کا نتیجہ ہوتی ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے طویل مدتی سیاسی عزم، سماجی تحفظ کے مضبوط نظام اور رہائش پر مبنی عوامی پالیسیاں ناگزیر ہیں۔
بے گھری کے خلاف اشتراک عمل
رچرڈ گیئر نے کہا ہے کہ بے گھری سر پر چھت نہ ہونے کا نام ہی نہیں بلکہ اس کے نتیجے میں انسان بنیادی حقوق جیسا کہ تحفظ، صحت کی سہولت، نجی زندگی اور انسانی وقار سے بھی محروم ہو جاتا ہے۔ بے گھری ناگزیر حقیقت نہیں بلکہ شدید ناانصافی اور ایک ایسا مسئلہ ہے جسے وقار، رہائش اور انسانی رشتوں کو ترجیح دے کر حل کیا جا سکتا ہے۔
رچرڈ گیئر کا فلاحی ادارہ دی گیئر فاؤنڈیشن اور بے گھری کا خاتمہ کرنے کے لیے کام کرنے والی سپین کی تنظیم 'اوگار سی' تمام لوگوں کو مناسب رہائش کی فراہمی یقینی بنانے کے معاملے پر یو این ہیبیٹٹ کے ساتھ مل کر کوشاں ہیں۔
یو این ہیبیٹٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر این کلاڈیا روسبیخ نے کہا کہ یہ اشتراک شہری مسائل سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔