انسانی کہانیاں عالمی تناظر

آبنائے ہرمز پر کشیدگی میں فوری کمی لانے کی ضرورت، آئی ایم او

چار بحری جہاز کے جہاز کے ڈیک پر آرام کر رہے ہیں ، کپوں سے پی رہے ہیں اور مشروبات کی ایک بوتل بانٹ رہے ہیں۔
© IMO ایک مال بردار بحری جہاز کا عملہ کام میں مصروف ہے۔

آبنائے ہرمز پر کشیدگی میں فوری کمی لانے کی ضرورت، آئی ایم او

امن اور سلامتی

بین الاقوامی بحری ادارے (آئی ایم او) کے سیکرٹری جنرل آرسینیو ڈومینگیز نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جہاں ہزاروں ملاح اب بھی خلیج فارس میں کھڑے جہازوں پر پھنسے ہوئے ہیں جنہیں شدید خطرات اور ذہنی دباؤ کا سامنا ہے۔

انہوں نے لندن میں 'آئی ایم او' کے مرکزی دفتر میں سمندری ماحول کے تحفظ سے متعلق کمیٹی کے 84ویں اجلاس میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملاح جن حالات کا شکار ہیں ان کے عالمی معیشت اور غذائی تحفظ پر دور رس منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ یہ بحران جس قدر طول پکڑے گا، سنگین واقعات، حتیٰ کہ ماحولیاتی حادثات کا خطرہ بھی اسی قدر بڑھتا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 'آئی ایم او' بین الاقوامی جہاز رانی کے حوالے سے کثیرالفریقی اتفاق رائے حاصل کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے اور وہ آبنائے ہرمز کی صورتحال پر متعلقہ فریقین سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔

ماحول دوست جہاز رانی

آرسینیو ڈومینگیز اس سے پہلے بھی آبنائے ہرمز میں کشیدگی پر تشویش ظاہر کر چکے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اس سے جہاز رانی اور ملاحوں کی سلامتی کو لاحق خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آبنائے میں تجارتی بحری جہازوں پر کم از کم 29 جہازوں پر حملے ہو چکے ہیں جن میں 10 ملاحوں کی ہلاکت ہوئی۔

کمیٹی کا اجلاس جمعہ تک جاری رہے گا جس کا مقصد رکن ممالک میں اتفاق رائے پیدا کرتے ہوئے بین الاقوامی جہاز رانی سے کاربن کا اخراج صفر پر لانے کے ہدف کی جانب ٹھوس پیش رفت کرنا ہے۔