بڑھتی جنگوں کے دوران ہوائی سفر محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے شہری ہوابازی (آئی سی اے او) کے سیکرٹری جنرل خوآن کارلوس سالازار نے جنگوں کے نتیجے میں سلامتی کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر کمرشل پروازوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
دوران پرواز خطرات سے متعلق مالٹا میں ہونے والی عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا ہے کہ میزائلوں، ڈرون اور دیگر جدید اسلحہ کی موجودگی نے ایسا ماحول پیدا کر دیا ہے جہاں مسافر بردار طیارے نشانہ بننے یا جھڑپوں کی زد میں آنے کے خطرات سے دوچار ہیں۔
انہوں نے کہا اب ہوا بازی کی روایتی حدود سے آگے بڑھنا ہو گا۔ اگرچہ مشرق وسطیٰ کے حالیہ بحرانوں میں ہوا بازی کی صنعت نے غیر معمولی مضبوطی کا مظاہرہ کیا لیکن سلامتی کے بنیادی مسئلے کو حل کرنے کے لیے مزید اقدامات درکار ہیں۔
انہوں نے کسی بڑے حادثے سے بچنے کے لیے رکن ممالک پر تین ترجیحی اقدامات کے لیے زور دیا ہے:
- معلومات کا فوری تبادلہ: طیاروں کو درپیش خطرات کے بارے میں بروقت معلومات فراہم کی جائیں۔
- خطرات کا بہتر جائزہ: فضائی حدود بند کرنے جیسے فیصلوں کے لیے بروقت اور موثر نظام بنایا جائے۔
- عسکری و غیرعسکری ہم آہنگی: رابطوں کو مضبوط بنایا جائے تاکہ طیاروں کو غلطی سے نشانہ بنانے کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ 'آئی سی اے او' ہوابازی کے انتظام سے متعلق ایک عالمی طریقہ کار کو حتمی شکل دے رہا ہے اور حفاظتی رہنما اصولوں کو بہتر بنا رہا ہے تاکہ فضائی کمپنیاں بڑھتے ہوئے خطرات میں محفوظ طریقے سے کام کر سکیں۔
سالازار نے عالمی برادری کو یہ بھی یاد دلایا کہ شکاگو کنونشن کے تحت کمرشل طیاروں کو حملوں کا نشانہ بنانا سختی سے ممنوع ہے۔