ایران کو طبی سامان کی شدید کمی کا سامنا جبکہ غزہ میں مصائب جاری
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ ایران میں ضروری طبی سامان کی کمی میں تشویشناک حد تک اضافہ ہونے کا خدشہ ہےاور غزہ میں نہایت خراب اور خطرناک حالات بحالی کی کوششوں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے بین الاقوامی ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ کی نائب ڈائریکٹر کرسٹیان کورٹیز کارڈوزا نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ میں جنگ بندی کا اعلان خوش آئند پیش رفت ہے لیکن زمینی حقائق اس سے بہت مختلف ہیں۔ جنگ بندی کا مطلب یہ نہیں کہ تنازع ختم ہو گیا ہے۔ کئی ہفتوں تک جاری رہنے والی شدید لڑائی کے اثرات ایرانی معاشرے پر برسوں تک محسوس کیے جاتے رہیں گے۔
ایران میں سیکڑوں طبی مراکز کو نقصان پہنچا ہے یا وہ مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جس کے باعث علاج معالجے تک رسائی اور اہم سہولیات جیسا کہ ڈائلیسس مشینوں اور مصنوعی اعضا کی کمی کا خدشہ بڑھ رہا ہے جن کی تیاری کے مراکز بھی متاثر ہوئے ہیں۔ وہ فیکٹری جو ملک کو 60 فیصد ڈائلیسس فلٹر فراہم کرتی تھی اس کے پاس اب صرف آئندہ تین ماہ تک پیداوار جاری رکھنے کے لیے ہی خام مال موجود ہے۔
غزہ میں بیماریوں کا پھیلاؤ
مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں 'ڈبلیو ایچ او' کی نمائندہ ڈاکٹر رائن ہلڈ نے بتایا ہے کہ غزہ میں 1,800 سے زیادہ طبی مراکز جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
علاقے میں میں زیادہ تر فلسطینی خاندان اب بھی بے گھر ہیں اور ملبے کے درمیان خیموں میں زندگی گزار رہے ہیں جہاں وہ بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے امداد پر انحصار کرتے ہیں۔ جنگ بندی کے باوجود فضائی حملے، گولہ باری اور فائرنگ جاری ہے۔
امسال بے گھر افراد میں چوہوں سے پھیلنے والی بیماریوں کے 17 ہزار سے زیادہ واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ 80 فیصد سے زیادہ بے گھر افراد کی پناہ گاہوں میں جلدی امراض عام ہیں۔ یہ تباہ شدہ ماحول میں زندگی گزارنے کا افسوسناک لیکن متوقع نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا ہے، 'ڈبلیو ایچ او'اور اس کے شراکت داروں کے لیے ضروری ہے کہ غزہ میں پھیلنے والی بیماریوں کو بہتر طور پر سمجھا جائے جس کے لیے طبی سازوسامان علاقے پہنچانا ناگزیر ہے۔ صحت کے اس بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لیے طبی عملے کو تحفظ دینا ہو گا، ضروری ادویات اور سامان کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دینا ہو گی اور ان پر عائد انتظامی رکاوٹیں ختم کرنا ہوں گی۔
بارودی مواد کا خطرہ
اقوام متحدہ کی مائن ایکشن سروس (یو این ایم اے ایس) کے سربراہ جولیئس ڈرک وان ڈر والٹ نے غزہ میں اَن پھٹے گولہ بارود کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مہلک خطرہ ملبے میں ہر جگہ موجود ہے۔ فی الوقت یہ سمجھنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ غزہ میں بارودی مواد کی آلودگی کی سطح کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے تباہ شدہ گھروں کو واپس آ رہے ہیں جہاں بارودی مواد موجود ہے جو کسی بھی وقت پھٹ کر انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے۔