انسانی کہانیاں عالمی تناظر

برطانوی شہری جگتار سنگھ کی انڈیا میں حراست ناجائز، انسانی حقوق ماہرین

چار پرندے کنکریٹ دیوار کے اوپر لگی ریزر وائر کی لپیٹ پر بیٹھے ہیں۔
© UNODC/Laura Gil جگتار سنگھ انسانی حقوق کے کارکن ہیں جنہیں نومبر 2017 میں انڈیا کی ریاست پنجاب میں اپنی شادی کے کچھ ہی عرصہ بعد نقاب پوش افراد نے اغوا کر لیا تھا۔

برطانوی شہری جگتار سنگھ کی انڈیا میں حراست ناجائز، انسانی حقوق ماہرین

انسانی حقوق

انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کے ماہرین نے برطانوی سکھ شہری جگتار سنگھ جوہل کی انڈیا میں دہشت گردی کے الزام میں آٹھ سالہ حراست کو ناجائز قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ماہرین نے کہا ہے کہ کسی کو طویل عرصہ تک قانونی کارروائی کے بغیر حراست میں رکھنا انصاف کے تقاضوں کے منافی اور نفسیاتی تشدد کے مترادف ہے۔ اطلاعات کے مطابق، دوران قید انہیں خراب حالات کا سامنا ہے، اہلخانہ کے ان سے رابطوں پر پابندیاں ہیں، جیل میں انہیں صفائی کی سہولیات تک مناسب رسائی نہیں جبکہ بعض اوقات انہیں قید تنہائی کا سامنا بھی رہا ہے۔

Tweet URL

جگتار سنگھ انسانی حقوق کے کارکن ہیں جنہیں نومبر 2017 میں انڈیا کی ریاست پنجاب میں اپنی شادی کے کچھ ہی عرصہ بعد نقاب پوش افراد نے اغوا کر لیا تھا جنہیں بعد میں پولیس اہلکار قرار دیا گیا۔ انہیں ایک نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا اور اس دوران مبینہ طور پر بجلی کے جھٹکے دیے گئے، تکلیف دہ جسمانی حالتوں میں رکھا گیا، نیند سے محروم کیا گیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

بعد ازاں ان پر دہشت گردی سے متعلق متعدد الزامات عائد کیے گئے جن میں سے بعض کی سزا موت بھی ہو سکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، جگتار سنگھ پر تشدد کر کے ان سے اعتراف جرم کرایا گیا۔ مارچ 2025 میں عدالت نے انہیں ایک مقدمے میں انہیں بری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف کوئی قابل بھروسہ ثبوت موجود نہیں لیکن انہیں رہا نہیں کیا گیا۔

انصاف اور احتساب کا مطالبہ

ماہرین نے کہا ہے کہ بریت کے باوجود ان پر تقریباً اسی نوعیت کے الزامات برقرار رکھے جانے سے بے گناہی کے اصول، انسداد دہشت گردی سے متعلق قوانین کے غلط استعمال اور عدالتی عمل کی شفافیت پر سنگین سوالات کھڑے ہوتے ہیں اور نظام انصاف میں پائی جانے والی سنگین خرابیوں کی نشاندہی ہوتی ہے۔

اس معاملے میں بین الاقوامی قانون بالکل واضح ہے کہ کسی کے طویل عرصہ تک قانونی کارروائی کے انتظار میں رہنے سے جنم لینے والی شدید ذہنی اذیت بھی تشدد کے زمرے میں آتی ہے۔ یہ قانون تشدد کے ذریعے حاصل کیے گئے شواہد کے استعمال کو بھی ممنوع قرار دیتا ہے اور فوری، شفاف اور منصفانہ قانونی کارروائی کا تقاضا کرتا ہے۔

متنازع شواہد پر انحصار، تقریباً ایک جیسے الزامات کے تحت متعدد مقدمات کا قیام، مذہبی بنیاد پر نشانہ بنانے کے الزامات، متواتر ناجائز حراست اور تشدد کے الزامات پر احتساب کا فقدان سنگین عدالتی ناانصافی کی عکاسی کرتے ہیں۔

ماہرین نے انڈیا کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جگتار سنگھ کے خلاف باقی ماندہ الزامات واپس لیے جائیں، انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان پر تشدد، ناروا سلوک اور نظام انصاف کی خرابیوں سے متعلق الزامات کی مکمل، فوری اور آزادانہ تحقیقات کی جائیں۔

غیر جانبدار ماہرین و اطلاع کار

غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔