انسانی کہانیاں عالمی تناظر

غزہ: اسرائیلی فائرنگ سے دو واٹر ٹینکر ڈرائیور ہلاک، یونیسف کی مذمت

غزہ میں خاندان ایک پناہ گزین کیمپ میں پانی کے ٹرک کے گرد جمع ہوتے ہیں اور جیریکن میں پانی جمع کرتے ہیں۔ پس منظر میں تباہ شدہ عمارتیں اور خیمے ہیں۔ یہ تصویر غزہ کی پٹی میں خاندانوں کو متاثر کرنے والے پانی کی شدید عدم تحفظ کی عکاسی کرتی ہے۔
© UNICEF/Mohammed Nateel غزہ کے بے گھر خاندان پانی کے لیے ٹینکروں پر انحصار کرتے ہیں (فائل فوٹو)۔

غزہ: اسرائیلی فائرنگ سے دو واٹر ٹینکر ڈرائیور ہلاک، یونیسف کی مذمت

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال(یونیسف) نے غزہ میں صاف پانی فراہم کرنے والے اپنے دو ملازمین کی ہلاکت پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

یونیسف کے مطابق، ہلاک ہونے والے دونوں افراد ٹرکوں کے ذریعے پانی فراہم کرتے تھے جو جمعہ کی صبح شمالی غزہ میں منصورہ واٹر فلنگ پوائنٹ پر اسرائیلی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔ اس واقعے میں دو افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ 

ادارے نے بتایا ہے کہ یہ حملہ معمول کے مطابق پانی کی ترسیل کے دوران ہوا جس میں نقل و حرکت یا طریقہ کار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ ایسے واقعات لاکھوں افراد تک صاف پانی پہنچانے کی کارروائیوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

سرگرمیاں معطل

منصورہ میں پانی بھرنے کے اس مقام کو یونیسف اور اس کے شراکت دار روزانہ کئی مرتبہ استعمال کرتے ہیں تاکہ بڑی تعداد میں لوگوں خصوصاً بچوں، تک پانی کی فراہمی جاری رکھی جا سکے۔

اس واقعے کے بعد ادارے نے اپنے مقامی ملازمین کو ہدایت دی ہے کہ سلامتی کی صورتحال بہتر ہونے تک اپنی سرگرمیاں معطل رکھیں۔

ادارے نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس واقعے کی تحقیقات کریں اور ذمہ داروں سے مکمل جوابدہی یقینی بنائیں۔ امدادی کارکن، بنیادی خدمات فراہم کرنے والے افراد اور شہری ڈھانچے بشمول پانی کی تنصیبات کو کبھی نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے جبکہ شہریوں اور انسانی امداد فراہم کرنے والوں کا تحفظ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ایک لازمی ذمہ داری ہے۔