انسانی کہانیاں عالمی تناظر

آبنائے ہرمز کھولنے کے ایرانی اعلان کا یو این چیف کی طرف سے خیرمقدم

ہرمز اسٹریٹ کا سیٹلائٹ منظر، جو جزیرہ نما عرب اور عمان کے جزیرہ نما موسندم کے درمیان تنگ آبی راستہ دکھاتا ہے۔
© NASA/GSFC/Jacques Descloitres آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی تقریباً ایک چوتھائی عالمی تجارت ہوتی ہے۔

آبنائے ہرمز کھولنے کے ایرانی اعلان کا یو این چیف کی طرف سے خیرمقدم

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ایران کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے آبنائے ہرمز کو تمام تجارتی جہازوں کے لیے مکمل طور پر کھولنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اس اقدام کو درست سمت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کا موقف بدستور واضح ہے کہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کی مکمل بحالی ہونی چاہیے اور تمام فریقین کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔

ترجمان کے مطابق، سیکرٹری جنرل مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ جنگ بندی کے ساتھ یہ اقدام فریقین کے درمیان اعتماد سازی میں مدد دے گا اور پاکستان کی سہولت کاری میں جاری امن بات چیت کو مزید مضبوط بنائے گا۔

پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششیں کر رہا ہے اور اس سلسلے میں اسلام آباد میں فریقین کے درمیان گزشتہ ہفتے مذاکرات کا ایک دور  ہوا جس میں امریکہ کی طرف سے نائب صدر جے ڈی وینس نے شرکت کی جبکہ ایرانی وفد کی نمائندگی وہاں کی پارلیمان کے سپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی تھی۔

اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہے تھے لیکن ان سے قبل طے پانے والی دو ہفتے پر مبنی جنگ بندی پر عملدرآمد جاری ہے۔