انسانی کہانیاں عالمی تناظر

لبنان: طبی سہولتوں پر حملوں میں 88 افراد ہلاک، ڈبلیو ایچ او

بیروت، لبنان کے بسطہ محلے میں رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئیں، جس میں اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد وسیع پیمانے پر کھنڈرات اور ملبہ دکھائی دے رہا ہے۔
© UNICEF/Fouad Choufany اسرائیلی حملے کے بعد بیروت کے علاقے بسطہ میں تباہی کا ایک منظر۔

لبنان: طبی سہولتوں پر حملوں میں 88 افراد ہلاک، ڈبلیو ایچ او

امن اور سلامتی

لبنان میں سلامتی کی صورتحال بدستور غیر مستحکم ہے جہاں اسرائیل کے فضائی حملوں میں 2,124 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے طبی سہولیات پر بڑھتے ہوئے حملوں سے خبردار کرتے ہوئے خطے میں فوری طور پر امن قائم کرنے کی اپیل دہرائی ہے۔

اطلاعات کے مطابق، لبنان کے علاقے میفدون پر فضائی حملے کے بعد امدادی کارروائیوں کے لیے پہنچنے والی ایمبولینس گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جن کے نتیجے میں چار طبی کارکن ہلاک ہو گئے۔

Tweet URL

ایک روز قبل جنوبی لبنان میں تبنین گورنمنٹ ہسپتال کو اسرائیلی فضائی حملے میں شدید نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں اس اہم طبی مرکز کے متعدد حصے متاثر ہوئے۔ بین الاقوامی قانون کے تحت ہسپتالوں اور دیگر اہم شہری تنصیبات پر حملے سختی سے ممنوع ہیں تاہم اس کے باوجود لبنان میں بار بار مہلک حملے کیے جا رہے ہیں۔

'ڈبلیو ایچ او' کے مطابق، لبنان اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان جاری جھڑپوں کے دوران طبی سہولیات پر حملوں میں مجموعی طور پر 88 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

طبی سہولیات کے تحفظ کی اپیل

'ڈبلیو ایچ او' کی علاقائی ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ تشدد سے ان لوگوں کے لیے حالات مزید مخدوش ہو جائیں گے جو ضروری طبی سہولیات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بڑھتی کشیدگی انتہائی تشویشناک ہے۔ خطہ پہلے ہی کئی برس کے تنازعات، نقل مکانی، اور کمزور طبی نظام کی وجہ سے نازک صورتحال کا شکار ہے۔ مزید تشدد نہ صرف براہ راست جانی نقصان کا سبب بنے گا بلکہ پہلے سے دباؤ کا شکار صحت کے نظام کو مزید تباہی کے قریب لے جائے گا۔

انہوں نے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی کا خاتمہ کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں، طبی عملے اور طبی سہولیات کا تحفظ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ایک لازمی ذمہ داری ہے۔

جانی نقصان اور زخمیوں کا جائزہ

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق، 2 مارچ سے 14 اپریل تک ملک پر اسرائیل کے فضائی و زمینی حملوں میں 168 بچوں اور 254 خواتین سمیت 2,124 افراد ہلاک اور 6,921 زخمی ہوئے ہیں۔ 

زخمیوں میں سے 3,638 کو ابتدائی طبی امداد کی ضرورت تھی جبکہ 2,779 کو ہسپتالوں میں داخل کرنا پڑا اور 504 افراد کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ 

ہلاکتوں اور زخمیوں کی سب سے زیادہ تعداد (3,578) نبطیہ میں سامنے آئی۔ جنوبی لبنان میں 3,275 اور ماؤنٹ لبنان میں 1,074 افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔