ماحولیاتی تحفظ اور سماجی مساوات کا فروغ کھیل کے ساتھ
اقوام متحدہ کے زیراہتمام شروع کیا جانے والا 'فٹ بال فار دی گولز' اقدام کھیل اور سفارت کاری کا منفرد ملاپ ہے جس کے ذریعے دنیا بھر میں انسانی حقوق، ماحولیاتی تحفظ اور سماجی مساوات کو فروغ دیا جائے گا۔
تین عالمی کپ کھیلنے والے برازیل کے معروف و مقبول فٹ بالر زیکو اس اقدام کے چیمپئن مقرر کیے گئے ہیں جو گزشتہ روز اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں آئے اور اپنے کلب فلیمنگو کو اس اقدام کا حصہ بنایا۔
ان کا کردار سادہ مگر بڑا ہےجس میں وہ اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے شائقین کھیل کو میدان سے باہر کی دنیا کے بارے میں سوچنے کی ترغیب دیں گے۔
انہوں نے یو این نیوز کی پرتگالی ٹیم کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا چیمپئن بننا ان کے لیے بہت بڑا اعزاز اور خوشی کا لمحہ ہے جو ان کی محنت اور اپنے کیریئر اور پیشے سے وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے وہ اپنی نہیں بلکہ کھیل اور کھلاڑیوں کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہیں ملنے والی پذیرائی فٹ بال اور اس کی اہمیت کے لیے خراج تحسین ہے۔
اگرچہ اقوام متحدہ عموماً پیچیدہ پالیسیوں اور حکمت عملی پر کام کرتا ہے لیکن یہ شراکت عالمی اہداف کے بارے میں مقامی سطح پر احساس پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ فلیمنگو جیسے وسیع اثر و رسوخ رکھنے والے کلب کی شمولیت سے امید کی جا رہی ہے کہ میچ کے دن کا جوش و جذبہ حقیقی دنیا میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔
فٹ بال کے ذریعے سماجی ترقی
فلیمنگو صرف فٹ بال ٹیم نہیں بلکہ ایک ثقافتی علامت بھی ہے جس کے کروڑوں مداح ہیں۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے عالمی مواصلات کی سربراہ میلیسا فلیمنگ نے کہا ہے فلیمنگو کلب کی اس اقدام میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ خاص طور پر برازیل اور جنوبی امریکہ میں فٹ بال سماجی ترقی اور اجتماعی عمل کو فروغ دینے کی زبردست صلاحیت رکھتا ہے۔
اس طرح کے بااثر کلب کی شمولیت سے ایک ایسی تحریک کو تقویت مل رہی ہے جو کھیل کے جذبے کو پائیدار ترقی کے اہداف کے ساتھ جوڑتی ہے۔
2030 کے اہداف ہدف
اقوام متحدہ کے ان اہداف کا تعلق پائیدار ترقی سے ہے۔ یہ 17 نکاتی منصوبہ ہے جس پر عالمی رہنماؤں نے 2030 تک غربت کے خاتمے اور ماحول کے تحفظ کے لیے اتفاق کیا تھا۔
اس مہم میں شامل ہو کر فلیمنگو نے وعدہ کیا ہے کہ وہ:
- ماحول دوست اقدامات کرے گا اور کلب کے انتظام و انصرام میں پائیداری کو فروغ دے گا۔
- اپنی سوشل میڈیا کی طاقت کے ذریعے مساوات اور انسانی حقوق کے لیے مہم چلائے گا۔
- شائقین اور کھلاڑیوں کو دکھایا جائے گا کہ روزمرہ زندگی میں چھوٹی تبدیلیاں بھی بڑے پیمانے پر مثبت اثرات پیدا کر سکتی ہیں۔
فٹ بال ہی کیوں؟
اقوام متحدہ تسلیم کرتا ہے کہ فٹ بال دنیا کا سب سے مقبول اور قابل رسائی کھیل ہے۔ گلی محلوں سے لے کر بین الاقوامی سٹیڈیمز تک، یہ ایک ایسی زبان ہے جو ہر کوئی سمجھتا ہے۔
زیکو جیسے عظیم کھلاڑی کی قیادت میں امید کی جا رہی ہے کہ شائقین کا جوش و جذبہ نہ صرف اپنی ٹیم کے لیے بلکہ اس دنیا کے تحفظ کے لیے بھی استعمال کیا جا سکے گا جس میں وہ رہتے ہیں۔