لبنان: اسرائیلی ٹینک کی یو این امن مشن کی گاڑیوں سے ’دانستہ ٹکر‘
لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری امن فورس (یونیفیل) نے اسرائیل کی جانب سے اپنے اہلکاروں پر ایک اور حملے کی اطلاع دی ہے جس میں ایک ٹینک فورس کی گاڑیوں سے آ ٹکرایا جس کے باعث امن کاروں کو اپنی جائے تعیناتی پر پہنچنے میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔
یونیفل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے اہلکاروں نے مرکاوا ٹینک کے ذریعے ان کی گاڑیوں کو دو مرتبہ نشانہ بنایا جن میں سے ایک کو شدید نقصان پہنچا۔ اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے سڑک بندکر دی اور امن کاروں کو آگے بڑھنے سے روکے رکھا۔
فورس کے مطابق، اسرائیل فوج نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اس کی گاڑیوں کی جانب کئی مرتبہ 'انتباہی فائرنگ' بھی کی جس سے انہیں نقصان پہنچا جبکہ ان پر شناخت کے نشانات واضح تھے۔ اس دوران ایک امن کار فائرنگ کا نشانہ بننے سے بال بال بچا۔
مارچ کے آخری ایام میں جنوبی لبنان میں 48 گھنٹے سے کم عرصہ میں یونیفیل کے تین اہلکار اسرائیل فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے تھے جن کا تعلق انڈونیشیا سے تھا۔
یونیفیل نے یہ بھی بتایا ہے کہ رواں برس کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوجیوں نے نقورہ میں واقع اس کے ہیڈکوارٹر اور دونوں ممالک کی سرحد کے متوازی بلیو لائن کے قریب پانچ مقامات پر نصب سکیورٹی کیمرے بھی تباہ کیے ہیں۔