تہران: یو این نمائندے کی حکام سے ملاقاتیں، جنگ زدہ علاقوں کا دورہ
مشرق وسطیٰ میں امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ذاتی نمائندے ژاں آرنو نے آج ایران کے دارالحکومت تہران میں ملکی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام اور ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور فضائی حملوں سے متاثرہ شہری مقامات کا دورہ کیا۔
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ اپنے دورے میں انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سیکرٹری جنرل ہر ممکن کوشش کے ذریعے اس تنازع کے پرامن حل کا عزم رکھتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق، سیکرٹری جنرل کی ہدایات پر ژاں آرنو اپنے علاقائی دورے کو جاری رکھیں گے اور اس سلسلے میں تنازع کے مختلف فریقین سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ مسئلے کے جامع اور دیرپا حل کے لیے جاری کوششوں کو تقویت دی جا سکے۔
ذاتی نمائندے نے گزشتہ دنوں پاکستان اور دیگر شراکت داروں کی ثالثی سے طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو بھی سراہا جو سفارتی عمل کو آگے بڑھانے اور جنگ کے خاتمے کی جانب پیش رفت کی راہ ہموار کرتا ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام رہنما اس تنازع کو جاری رکھنے کے بجائے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق مسئلے کے پرامن حل اور شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دیں گے۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے بھی امریکہ اور ایران کی جانب سے دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور جنگ بندی کی شرائط پر عمل کریں تاکہ خطے میں پائیدار اور جامع امن کی راہ ہموار ہو سکے۔