قبرص: یو این امن فوج کی کمان بنگلہ دیشی جنرل کے حوالے
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے بنگلہ دیش کے میجر جنرل محمد اسد اللہ منہاج العالم کو قبرص میں اقوام متحدہ کی امن فوج کا کمانڈر مقرر کر دیا ہے۔
منہاج العالم اس عہدے پر منگولیا کے میجر جنرل اردنبات باتسوری کی جگہ لیں گے جن کی خدمات اور لگن کو سیکرٹری جنرل نے تہہ دل سے سراہا ہے۔
میجر جنرل منہاج العالم بنگلہ دیش کی فوج میں خدمات اور قیادت کا 30 سال سے زیادہ تجربہ رکھتے ہیں۔ اقوام متحدہ کا عہدہ سنبھالنے سے قبل وہ بنگلہ دیشی فوج کے شعبہ عسکری تربیت و نظریاتی کمان میں جنرل آفیسر کمانڈنگ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس سے پہلے وہ 10ویں انفینٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اور کاکس بازار کے ایریا کمانڈر جبکہ 2024 میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔
انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں انفینٹری فوج میں مختلف ذمہ داریاں انجام دیں جن میں انسداد دہشت گردی، داخلی سلامتی، قدرتی آفات سے نمٹنے اور خفیہ معلومات پر مبنی کارروائیوں میں قائدانہ کردار بھی شامل ہیں۔
کیریئر اور تعلیم
انہوں نے اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں میں بھی خدمات انجام دیں جن میں وسطی افریقی جمہوریہ میں اقوام متحدہ کا کثیرالجہتی استحکامی مشن اور مشرقی تیمور میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام عبوری انتظامیہ میں فوجی مبصر کے طور پر خدمات بھی شامل ہیں۔
میجر جنرل منہاج العالم نے بنگلہ دیش کی جہانگیر نگر یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ڈاکٹریٹ، امریکہ میں واشنگٹن ڈی سی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے قومی سلامتی کی حکمت عملی میں ماسٹر آف سائنس، نیشنل یونیورسٹی آف بنگلہ دیش سے دفاعی مطالعات میں ماسٹرز اور رائل یونیورسٹی آف ڈھاکہ سے ماسٹرز برائے کاروباری نظم و نسق کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ وہ اپنی مادری زبان بنگالی کے علاوہ انگریزی زبان میں بھی مکمل مہارت رکھتے ہیں۔