لبنان پر تباہ کن اسرائیلی حملے انتہائی قابل مذمت، یو این چیف
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے 8 اپریل کو لبنان بھر میں اسرائیل کے وسیع فضائی حملوں کی سخت مذمت کی ہے جن میں بچوں سمیت سیکڑوں شہریوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، انہوں نے لبنان کی حکومت اور اس کے عوام سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی قانون، خصوصاً بین الاقوامی انسانی قانون کا تمام حالات میں احترام کیا جانا چاہیے۔ شہریوں اور شہری تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ضروری ہے اور ان پر حملے ناقابل قبول ہیں۔
خطے میں امن کے لیے خطرہ
انہوں نے اسرائیل کے حملوں میں شہریوں کے بڑھتے ہوئے جانی نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس تنازع کا کوئی عسکری حل نہیں۔ تمام فریقین سفارتی ذرائع اختیار کریں اور سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عملدرآمد کے لیے ازسر نو عزم کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کا اعلان ہونے کے باوجود لبنان میں اسرائیل کی فوجی کارروائیاں اس جنگ بندی اور خطے میں دیرپا اور جامع امن کی کوششوں کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ سیکرٹری جنرل نے ایک مرتبہ پھر تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر تنازع کا خاتمہ کریں۔