انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این چیف کا امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم

اقوام متحدہ کی پریس کانفرنس میں سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے 2026 کے لیے اپنی ترجیحات کی وضاحت کرتے ہوئے امن، انصاف اور ذمہ داری پر زور دیا۔
UN Photo/Mark Garten اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرش ادارے کے صدر دفتر نیو یارک میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں (فائل فوٹو)۔

یو این چیف کا امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے امریکہ اور ایران کی جانب سے دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا احترام اور جنگ بندی کی شرائط پر عمل کریں۔

انتونیو گوتیرش کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں فوری طور پر لڑائی بند کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کا تحفظ یقینی ہو، انسانی مصائب میں کمی آئے اور خطے میں دیرپا اور جامع امن قائم ہو سکے۔

سیکرٹری جنرل نے جنگ بندی میں معاونت کرنے پر پاکستان اور دیگر ممالک کی کوششوں کو سراہا اور ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل کے ذاتی نمائندے ژاں آرنو خطے میں موجود ہیں اور جامع امن کے حصول کی کوششوں میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے سیکرٹری جنرل نے خبردار کیا تھا کہ دنیا ایک وسیع تر جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے جو پورے مشرق وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے اور اس کے اثرات دنیا بھر میں محسوس ہوں گے۔

انہوں نے گزشتہ جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات خود بخود ختم نہیں ہوتے بلکہ ان کا خاتمہ اس وقت ہوتا ہے جب عالمی رہنما تباہی کے بجائے مکالمے کا انتخاب کرتے ہیں۔ یہ انتخاب اب بھی ممکن ہے اور اس سے فوری طور پر کام لینا ہو گا۔