انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پاکستان افغان تنازع میں ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور، یو این ادارہ

افغان مہاجرین بڑے بیگ اور سامان لے کر ایران سے بڑھتے ہوئے تنازع کے درمیان واپس لوٹ رہے ہیں۔
© یو این ایچ سی آر افغانستان پہلے ہی پاکستان اور ایران سے لوٹنے والے مہاجرین کے مسئلے سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پاکستان افغان تنازع میں ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور، یو این ادارہ

امن اور سلامتی

افغانستان میں فروری کے آخر میں پاکستان کے ساتھ شروع ہونے والی عسکری کشیدگی کے بعد اب تک 94 ہزار سے زیادہ لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ سرحد پار گولہ باری، فضائی حملوں اور مسلح جھڑپوں کے نتیجے میں سیکڑوں شہری ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔

چھ افغان صوبوں میں تقریباً 25 طبی مراکز اور 41 سکول گولہ باری اور بدامنی کے باعث تباہ ہو گئے ہیں یا ان کی سرگرمیاں معطل ہیں جس سے صحت، غذائیت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

مشکل حالات کے باوجود، اقوام متحدہ کے ادارے اور ان کے امدادی شراکت دار لوگوں کو ضروری مدد پہنچا رہے ہیں۔ اس ضمن میں ہنگامی غذائی امداد کے ساتھ طبی سازوسامان اور عارضی رہائش بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

زرعی صورتحال میں بہتری

اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک و زراعت(ایف اے او) کے مطابق، بڑے پیمانے پر حالیہ بارشوں کے سبب افغانستان میں موسم بہار کی زرعی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے کیونکہ ملک میں خوراک کی شدید قلت بڑھ رہی ہے اور تقریباً ایک کروڑ 74 لاکھ افراد فوری غذائی امداد کے محتاج ہیں۔

اگرچہ بارشوں نے کچھ علاقوں میں زمین کی نمی بہتر کی ہے اور بارانی فصلوں اور چراگاہوں کو فائدہ پہنچایا ہے لیکن دیگر علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث تباہ کن سیلاب بھی آئے ہیں۔

افغانستان میں ادارے کے سربراہ رچرڈ ٹرنچرڈ نے خبردار کیا ہے کہ اگر پانی کو سنبھالنے کے انتظامات نہ کیے گئے تو یہی بارشیں سیلاب میں تبدیل ہو کر گھروں، فصلوں اور مویشیوں کو تباہ کر سکتی ہیں۔