انسانی کہانیاں عالمی تناظر

مشرق وسطیٰ جنگ: فریقین شہری سہولتوں کو نشانہ نہ بنائیں، یو این

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نیو یارک میں صحافیوں کو معمول کی بریفنگ دے رہے ہیں۔
UN Photo/Manuel Elías
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نیو یارک میں صحافیوں کو معمول کی بریفنگ دے رہے ہیں۔

مشرق وسطیٰ جنگ: فریقین شہری سہولتوں کو نشانہ نہ بنائیں، یو این

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے سے گریز کریں۔

ترجمان نے یہ بات نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کے موقع پر ایک سوال کے جواب میں کہی جس میں ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے نہ پانے کی صورت میں امریکہ کی جانب سے بجلی گھروں اور پلوں پر حملے کی دھمکیوں کا ذکر کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا اس معاملے پر نہایت واضح موقف ہے کہ دوران جنگ متحارب فریقین کو جنگی کارروائیوں کے حوالے سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا احترام کرنا چاہیے۔

سٹیفن ڈوجیرک کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل نے سبھی کو یاد دلایا ہے کہ شہری تنصیبات، بشمول توانائی کے ڈھانچے کو ہرگز نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ اگر کسی تنصیب کو جائز عسکری ہدف سمجھا جائے تو تب بھی بین الاقوامی انسانی قانون ایسے حملوں کی اجازت نہیں دیتا جن سے شہریوں کو حد سے زیادہ جانی یا مالی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو۔

انہوں نے زور دیا کہ اب تمام فریق اس جنگ کو ختم کریں کیونکہ بین الاقوامی تنازعات کے حل کا واحد موثر راستہ پرامن مذاکرات ہیں۔